گلگت (پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے زیر صدارت گلگت شندور ایکسپریس وے پر جاری کام کی رفتار اور زمینوں کے معاوضوں کی ادائیگی کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ جس میں سینئر صوبائی وزیر برائے محکمہ خوراک و سیاحت غلام محمد،معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ ذبیح اللہ، سیکریٹری قانون ، کمشنر گلگت، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ڈپٹی کمشنر گلگت اور ڈپٹی کمشنر غذر شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت چترال ایکسپریس وے صوبے میں سیاحت اور معیشت کے فروغ کےلئے انتہائی اہم ہے۔ اس اہم منصوبے کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ گلگت چترال ایکسپریس وے کے زد میں آنے والی زمینوں کے معاوضوں کی ادائیگی جلد ممکن بنانے کےلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری داخلہ ،سیکریٹری قانون اور کمشنر گلگت کو اس موقع پر ہدایت کی کہ گلگت شندور ایکسپریس وے کی زد میں آنے والی زمینوں کے ریٹ میں اضافے کےلئے ڈپٹی کمشنر غذر کی سفارشات کی روشنی میں کابینہ اجلاس میں منظوری کےلئے سمری پیش کریں۔ بیرون لائن زمینوں کا معاوضہ دینے کےلئے جگلوٹ سکردو روڈ کے مرتب پالیسی کے تحت سفارشات صوبائی کابینہ اجلاس میں منظوری کےلئے پیش کئے جائیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اس موقع پر کمشنر گلگت، ڈپٹی کمشنر گلگت اور ڈپٹی کمشنر غذر کو ہدایت کی کہ این ایچ اے سے فوری طور پر رابطہ کرکے گلگت چترال ایکسپریس وے کی زد میں آنے والی زمینوں کی فوری ڈی مارکیشن کےلئے اقدامات کریں تاکہ اس اہم منصوبے میں مزید تاخیر نہ ہو۔
