اسلام آباد(پ ر)نگران وزیر اعظم پاکستان انوارالحق کاکٹر سے رائل فانڈیشن گلگت بلتستان کا نمائندہ وفد نے چیئرمین راجہ نظیم الالمین کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ محب وطن اور مہمان نواز ہیں۔گلگت بلتستان کی مجموعی ترقی علاقے میں سماجی ہم آہنگی پر منحصر ہے۔گلگت بلتستان مواصلاتی بہتری سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گی۔وزیر اعظم پاکستان نے گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کو ملک کے دیگر صوبوں کے درسگاہوں میں کوٹہ بڑھانے اور گلگت بلتستان میں بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔اس سے قبل رائل فانڈیشن کے نمائندوں نے وزیر اعظم پاکستان رائل فانڈیشن کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ رائل فانڈیشن کا قیام اس وقت عمل میں لایا گیا جب گلگت بلتستان میں فرقہ واریت عروج پر تھی۔اس وقت رائل فانڈیشن نے قیام امن کے لئے کلیدی کردار ادا کیا اور آج بھی گلگت بلتستان میں قیام امن کے لئے حکومت اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔نمائندہ وفد نے وزیر اعظم پاکستان کو تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے بہتر انفراسٹرکچر ،نجی ائر لائنز کو گلگت بلتستان پروازیں چلانے کی اجازت اور پی آئی اے کی کرایوں میں کمی لایا جائے۔ نمائندہ وفد نے ملک کے تمام یونیورسٹیوں میں گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کے لئے کوٹہ بڑھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ س سے گلگت بلتستان کے زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان سے کہا کہ اس وقت گلگت بلتستان اندھیرا میں ڈوبا ہوا ہے۔بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے رن آف ریور پر پاسز تعمیر کئے جائیں۔ تاکہ بجلی کی کمی کو پورا کیا جائے۔ اس موقع پر صدر رائل فانڈیشن کے صدر راجہ نظیم العمین نے وزیر اعظم پاکستان کو گلگت بلتستان کا ثقافتی شوقہ پیش کیا۔
