واقعہ معراج انسانی تاریخ کاسب سے بڑامعجزہ،وزیراعلیٰ

گلگت(پ ر)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے 27 رجب المرجب شب معراج کے حوالے اپنے خصوصی سے پیغام میں کہا ہے کہ 27رجب المرجب کی رات کو معراج النبیؓ سے نسبت اور واقعہ معراج النبیؓ کو ایک معجزے کی حیثیت حاصل ہے۔ اس رات اللہ تعالی نے اپنے برگزیدہ اور پاک نبیﷺ کو زمین سے عرش ِ معلی تک سفر کی آسانی عطا فرمائی۔ اللہ کے حکم سے جبرائیل علیہ السلام آپ ﷺکو مسجد الحرام سے مسجد ِاقصی لے کر آئے اور یہاں سے سدر المنتہی تک لے کر گئے۔ جس کے بعد آپ نبی کریم ﷺ عرش ِ معلی پر اللہ تعالی کے حضور تشریف لے گئے۔ یہ انسانی تاریخ میں ایک ایسا معجزہ ہے جو پوری نوع انسانی کے لئے بہت بڑی بشارت ہے۔حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالی نے معجزہ معراج میں انسانوں کیلئے بہت سے راز کھول دئیے اور انسان کو شب معراج کے حوالے سے یہ سبق دیا کہ اگر انسان اللہ تعالی کے بتائے ہوئے راستے پر چلے تو اسے قرب الٰہی حاصل ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالی کا بتایا ہوا راستہ ہی وہ واحد راستہ ہے کہ تمام مسلمان تفرقے میں پڑے بغیر ملی اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صراط المستقیم پر چلتے ہوئے دین و دنیا میں اوج کمال تک پہنچ سکتے ہیں۔ شب معراج کا یہ پیغام آج بھی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے۔ ہم اگر اختلافات کو چھوڑ کر اتحاد و اتفاق کے ساتھ انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں تو اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل ہوگی۔ آئیے آج کی رات اللہ تعالی کے حضورسجدہ ریز ہو کر وطن عزیز پاکستان اور گلگت بلتستان کیلئے امن و سلامتی ترقی و خوشحالی دعا کریں۔