گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغا م میں کہا ہے کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا حل ہی جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کی کنجی ہے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم کشمیریوں کے ناقابلِ تردید حق خود ارادیت کے حصول تک ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے۔پاکستانی عوام آج کے دن اپنے کشمیریوں بھائیوں کو حق خودا رادیت کے حصول کی مسلسل جدوجہد پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بھارت نے 5 اگست 2019 ءکو مقبوضہ کشمیر کی بین الاقو امی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی غرض سے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کیے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ غیر قانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں محکوم کشمیریوں کے اس حق سے انکار انسانی وقار کی نفی ہے۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود سب سے پرانے تنازعات میں سے ہے۔ یہ تنازعہ بھارتی ہٹ دھرمی، وعدوں کی پاسداری سے انکار، بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی بے توقیری کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا۔قابض بھارتی راج مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی امتیاز کے ذریعے کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل رہا ہے۔ یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر اسکا محاسبہ کرے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا حل ہی جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کی کنجی ہے۔ بھارتی قابض افواج کی طرف سے جاری ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے عزم کو توڑ سکتی ہے اور نہ ہی ان کی جائز جدوجہد کو کمزور کر سکتی ہے۔ ہزاروں کشمیری بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور ان گنت مظالم کا شکار ہیں۔ میں پوری پاکستانی قوم کی طرف سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ ہم ان کی اخلاقی اور سیاسی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ بھارتی جبر سے آزادی حاصل نہیںکرلیتے۔
