گلگت (پ ر) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے نیٹکو کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رہے تو آنے والے دنوں میں یہ ادارہ مستحکم ہوگا۔ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے اس قومی اثاثے کی ترقی کے لئے تمام وسائل برئے کار لائے گی۔ چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے 129ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ادارے میں موجود اضافی ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دیگر محکمہ جات میں منتقل کیا جائے گا۔ اجلاس تفصیلی جائزہ لینے کے بعد NATCO بزنس پلان کو سراہا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نیٹکو مسافر سروس کو بہتر بنایا جائے گا اور اس کے دائرہ کار کو ویٹ لیز wet lease کے تحت ملک کے دیگر بڑے شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ مسافر گاڑیوں کی مرمت و تزئین کے کام کو شفاف اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔اجلاس میں نیٹکو کے پٹرول پمپ fueling stations کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ھوئے فیصلہ کیا گیا کہ چار مزید آئل ٹینکرز نیٹکو کی تحویل میں دے کر آمدن میں اضافہ کیا جائے گا۔ NATCO Cargo نیٹکو کارگو کے ٹرکوں میں وزن اٹھانے کی صلاحیت میں اضافہ کر کے ادارے کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا۔اجلاس میں کئی سالوں سے نیلامی کے لئے کھڑی 26 گاڑیوں کو فوری طورپر نیلام کرنے کی منظوری دی گئی۔ نیٹکو ورکشاپ کی فعالیت اور استعداد میں اضافے کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر موجودہ منیجمنٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔