گلگت،ڈپٹی کمشنر کلکٹر گلگت امیر اعظم حمزہ نے موضع کونوداس اور موضع ہنزل تحصیل گلگت میں زمینوں کے غیر قانونی انتقال کو منسوخ کردیا۔ عمائدین علاقہ کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر/ کلکٹر گلگت امیر اعظم حمزہ نے مکمل چھان بین اور شفارشات کی روشنی میں 35 انتقال کو منسوخ کر کے اسسٹنٹ کمشنر گلگت کوعملدرآمد کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر/ کلکٹر گلگت امیر اعظم حمزہ نے کہا کہ قبضہ مافیا کا گھیرا تنگ کیا گیا ہے کسی کو بھی عوام کی ملکیتی اراضی پر قبضہ کرنے کی ہرگز اجارت نہیں دی جائے گی۔ ضلع گلگت کی حدود میں زمینوں کے معالات میں کسی طرح بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائیگی ۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہو گا اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مزید ضلع گلگت کے تمام مواضعات میں جعلی انتقالات کی چھان بین جاری ہے اور جعلی انتقال کے خلاف بہت جلد مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور جعلی انتقالات کو منسوخ کیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ اس بات کا عزم بھی کیا کہ عوام الناس کے ریکارڈ مال کو محفوظ بنانا اور عوامی ملکیتی اراضیات کی حفاظت کرنابحیثیت کلکٹر میری اولین ذمہ داری ہے۔
