پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر جی بی کو عبوری آئینی صوبہ بنائے گی، امجد ایڈووکیٹ


لاہور (پ ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 8 فروری کو پورے پاکستان میں پیپلز پارٹی کے اقتدار کا سورج طلوع ہوگا۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے سمیت گلگت بلتستان کے ہزاروں نوجوانوں کو روز گار فراہم کرے گی۔ گلگت بلتستان کے مسائل کا حل آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پیپلز پارٹی بر سر اقتدار آ کر گلگت بلتستان میں بھی سندھ کی طرح عالمی معیار کے ہسپتالوں کی تعمیر کرے گی تاکہ عوام کو گھر کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات میسر آ سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ میڈیکل کالج اور انجینئرنگ یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے عوامی مسائل سے آگاہ ہیں اور پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ ان مسائل کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔ پیپلز پارٹی کو اقتدار ملتے ہی مسائل حل ہونا شروع ہو جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت گلگت بلتستان کے عوامی مسائل کے حل کے نہایت سنجیدہ ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام گواہ ہیں کہ آج تک جو بھی آئینی اور انتظامی اصلاحات ہوئی ہیں اسکا کریڈٹ پاکستان پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔ امجد حسین ایڈووکیٹ نے لاہور میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حلقہ میں انتخابی مہم کے دوران مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک کو اس وقت پیپلز پارٹی کی اشد ضرورت ہے۔ پنجاب سمیت پورے پاکستان کے عوام بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ لاہور شہر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پیپلز پارٹی کی بنیاد اس شہر میں رکھی اور لاہور میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا جو فقید المثال استقبال ہوا اسکا ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکتا ہے۔ آج تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے اور پورے پنجاب خصوصاً لاہور کے عوام چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی دیگر مرکزی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں میں موجود گلگت بلتستان کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دینگے۔