مفاد پرست عوام کو گمراہ کررہے ہیں، حکومت بلیک میل نہیں ہوگی،رحمت خالق

گلگت ( پ ر) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت عوام کو مناسب قیمت پر معیاری گندم کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، مٹھی بھر عناصر کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، وفاق کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی میں ملکی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں اور افراط زر کی وجہ خطے کے عوام کی ضروریات پوری کرنا مشکل تھا عوام کو آٹے کے حصول کیلئے آزمائش میں ڈالنے کے بجائے صوبائی حکومت نے بروقت مناسب قیمتوں کا تعین کرکے موسم سرما میں غذائی بحران سے نجات حاصل کرلی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو ملکی سطح پر پیدا کردہ معیاری گندم فراہم کی جائیگی اور کوٹے کی مقدار میں بھی مناسب اضافہ کیا جائیگا۔ جمعرات کے روز ایک بیان میں حاجی رحمت خالق نے کہا کہ بعض موقع پرست سیاستدان اور پریشر گروپ اپنے مفادات کیلئے عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کے جھانسے میں نہیں آرہے جس کی وجہ سے وہ حواس باختہ ہو گئے ہیں۔ سابق دور حکومت میں قیمتوں میں اضافہ کیلئے وفاق کو یقین دہانی کرانے والے سابق وزراءاب عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ ہم نے وفاق کا دباﺅ قبول نہیں کیا اور عوام کی قوت خرید کے مطابق قیمتوں کا تعین کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم عوامی حقوق کی ترجمانی اپنا فرض سمجھتے ہوئے کر رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے ہمیں منتخب کیا گیا ہے لہذا عوامی مسائل کے حل پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کرینگے اور مٹھی بھر عناصر کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔