گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ ترقیاتی عمل کو تیز اور عوام کے مسائل کو جلد حل کرنے میں محکمہ بلدیات اہمیت کا حامل ہے۔ لوکل گورنمنٹ کے تحت تعمیر کئے جانے والے منصوبوں میں شفافیت کے پیش نظر منصوبوں کی نشاندہی متعلقہ ممبران اسمبلی سے کرائی جائے اور اسکے علاوہ محکمے کی استعداد کار کو بہتر بنانے کےلئے ممبران اسمبلی کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں میں سے بھی 30 لاکھ تک کے منصوبوں کو محکمہ بلدیات کو دیا گیا ہے تاکہ چھوٹے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ وہ منگل کو محکمہ بلدیات کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ویسٹ مینجمنٹ کا منصوبہ صوبے میں صفائی کے حوالے سے اہم ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کی پائیداری کےلئے وسائل میں اضافہ ناگزیر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ویسٹ کی ری سائیکلنگ کے عمل کو شروع کرنے کےلئے محکمہ ضروری اقدامات کرے۔ شگر، کھرمنگ اور گانچھے میں ویسٹ کے ڈھانچے کو جلد شروع کیا جائے گا تاکہ ان اضلاع میں بھی صفائی کا بہتر نظام متعارف کرایا جاسکے جس کےلئے محکمہ پلاننگ کو جلد ریلیز فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آر ڈی پی کے تحت تمام منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے تاکہ مقررہ مدت میں ان منصوبوں کو مکمل کیا جاسکے۔ حقیقی معنوں میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کےلئے بلدیاتی انتخابات لازمی ہیں۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہماری حکومت کے ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو صفائی پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے پانی کے نئے منصوبوں میں واش یونٹ کی سفارشات کو منصوبے کا حصہ بنایا جائے گا ۔ نئے پانی کے منصوبوں میں واش پروجیکٹ کی رائے کو لازمی قرار دی جائے گی تاکہ حفظان صحت کے مطابق صاف پانی عوام کو فراہم کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مضر صحت چشموں پر محکمہ بورڈ آویزاں کرے تاکہ عوام کو مضر صحت پانی کے استعمال سے روکا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ کابینہ اجلاس میں سینٹیشن پالیسی کو منظوری کےلئے پیش کیا جائے۔بریفنگ میں سینئر صوبائی وزیر بلدیات حاجی عبدالحمید نے لوکل کونسلات کے مالی مسائل حل کرنے کی سفارش کی جس پر وزیر اعلیٰ نے لوکل کونسلات کے مالی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
