گلگت(پ ر)چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت) نے صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا کی اسمبلی رکنیت اور وزارت معطل کردی۔ غلام شہزاد آغا سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نااہلی کیس کے پٹیشنر تھے جس کے تفصیلی فیصلے میں چیف کورٹ گلگت بلتستان نے خالد خورشید کو نااہل قرار دینے کے علاوہ غلام شہزاد آغا کے خلاف حقائق چھپانے کے الزام میں سپیکر کو ریفرنس بناکر الیکشن کمیشن بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر و سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید کے خلاف پٹیشن کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ پٹیشنر غلام شہزاد آغا انسدادِ دہشتگردی قانون کے شیڈول فور میں شامل ہیں اور یہ حقائق انہوں نے کہیں پر ذکر نہیں کئے،لہٰذا حقائق چھپانے کے الزام میں سپیکر جی بی اسمبلی کو حکم دیا کہ ریفرنس بناکر الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے غلام شہزاد آغا کو حکم دیا تھا کہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوجائےں تاہم متعدد سماعتوں میں غلام شہزاد آغا پیش نہیں ہوئے جس پر جمعرات کے روز ان کی اسمبلی رکنیت معطل کردی گئی۔
