گلگت(پ ر)سانحہ چلاس پرہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن گلگت بلتستان اورڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن گلگت کے الگ الگ ہنگامی اجلاس،واقعہ کی پرزورو مذمت کے علاوہ صوبے بھر میں یوم سوگ منایاگیا۔کوئی بھی وکیل عدالت پیش نہ ہوا۔حکومت سے دہشتگردوں اوران کے سہولت کاروں کوبے نقاب کرنے کامطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا ایک ہنگامی اجلاس صدر ہائیکورٹ گلگت بلتستان منعقد ہوا اجلاس گزشتہ روز ہڈور چلاس کے مقام پر مسافر بس کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی مذمت کی گئی اور متاثرین اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور تعزیت کی گئی،اجلاس میں کہا گیا کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں سے گلگت بلتستان کی پرامن فضاءکو خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ہم گلگت بلتستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس واقعے میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سہولت کارروں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور کے کے ایچ روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پیر کے روزیوم سوگ منایااور۔۔۔کیسزکے علاوہ ہرقسم کاعدالتی بائیکاٹ کیاگیا۔ادھرسانحہ چلاس کے حوالے سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت شاہد عباس ایڈووکیٹ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گلگت میں منعقد ہوا ، اجلاس میں چلاس مسافر بس کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کی پرزور مذمت کی گئی اور متاثرین کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا گیا،اجلاس میں کہا گیا کہ اس خطہ میں بسے والے لوگ آپس میں بھائی بھائی ہیں چاہے وہ کسی بھی مسلک سے تعلق رکھتے ہوں، اجلاس کے شرکاءنے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے گلگت بلتستان کے امن کو خراب کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو کہ یقیناً ملک دشمن عناصر ہی کر سکتے ہیں ، یہ ایک سوالیہ نشان ہے کہ یہ دہشت گرد یہاں کب اور کیسے آئے اور ان کے سہولت کار کون ہیں؟ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کو بے نقاب کریں اور ان کو قرار واقعی سزا دیں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں، اجلاس میں مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث افراد ، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دے کر منطقی انجام تک پہنچایاجائے تا کہ خطے میں بسنے والے لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ہو سکے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے چلاس واقعے پر گزشتہ روز یوم سوگ منایا اور تمام تر عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔
