گلگت(پ،ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ ہنزہ کو
درپیش لوڈشیڈنگ کے خاتمے کےلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی کے تحت
ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں ایک میگاواٹ سولر
پاور پروجیکٹ مکمل ہوا ہے جس کے بعد آئندہ ایک سال میں حکومت گلگت بلتستان
ڈھائی میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹ کا منصوبہ مکمل کرکے ہنزہ کے عوام کو بجلی
فراہم کرے گی جس سے موجودہ بجلی کا سخت بحران پر قابو پانے میں مدد ملے
گی،ہنزہ میں ایک میگاواٹ سولر پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر
گفتگو کرتے ہوئے گلبر خان نے کہا کہ ہنزہ کے عوام کو پینے کے صاف پانی کا
مسئلہ درپیش ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکریٹری تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ
آئندہ ایک ماہ میں قانونی تقاضوں کو پورا کرکے پانی کے منصوبے کا ٹینڈر
کریں۔ ناصر آباد تا خانہ آباد روڈ کے منصوبے کا ٹینڈر جلد ہوگا۔ وزیر اعلیٰ
نے کہاکہ عطاءآباد 54میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے
کےلئے چیئرمین واپڈا سے رابطہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر حسن
آباد پاور پروجیکٹ کے اپ گریڈیشن کے کام کو جلد مکمل کرنے کے بھی احکامات
دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت، سکردو اور ہنزہ میں بجلی کا بحران ہے جس
کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ زیر تعمیر پاور پروجیکٹس کو
ہنگامی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں گے ۔ ہنزہ اور سکردو میں موسم سرما کے
دوران بجلی کے سخت بحران کی وجہ سے عوام کو درپیش پریشانی کو مدنظر رکھتے
ہوئے جنوری اور فروری کے مہینے تھرمل کے ذریعے بجلی فراہم کرنے پر بھی غور
کیا جارہے ، حسن آباد میں زیر تعمیر ڈیڑھ میگاواٹ کے منصوبے کے سول ورک
اگلے چند ماہ میں مکمل کرکے مشینری کے برآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا
جائیگا،وزیر اعلی نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے گلگت، سکردو شہر ، ہنزہ
سردیوں میں شدید متاثر ہیں، ہنزہ ، سکردو اور غذر میں بجلی کے بلات کی
ریکوری اچھی ہے، جبکہ گلگت اور دیامر میں بجلی کا بل دینے کا رواج کم ہے۔فی
الحال بجلی کا ٹیرف بڑھانے کا صوبائی حکومت کا کوئی پلان نہیں، جب عوام کو
مکمل بجلی فراہم کی جائیگی تو ٹیرف کے حوالے سے غور کیا جائیگا۔ وزیر
اعلیٰ نے کہاکہ ڈونگ داس کے مسئلے پر بنائی جانے والی باﺅنڈری کمیشن کی
رپورٹ کے حوالے سے چیف سیکریٹری کو ہدایات دی گئی ہیں۔ آئندہ چند ہفتوں میں
اس رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ہنزہ میں ایک میگاواٹ سولر
پاور پروجیکٹ کی تعمیر پر آئی پی ایس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ
شارٹ ٹرم پالیسی کے تحت مختصر مدت میں آئی پی ایس نے ہنزہ میں ایک میگاواٹ
سولر پاور پروجیکٹ کا منصوبہ مکمل کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت
کی ترجیح میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔ ہنزہ کے مسائل ترجیحی
بنیادوں پر حل کرنے میں حکومت سنجیدہ ہے۔ ہنزہ کے تمام منصوبوں کے معیار
اور رفتار کو یقینی بنانے کےلئے متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں ۔
دورہ ہنزہ کے موقع پر ہنزہ کے عوام کی جانب سے التت فورٹ میں اپنے اعزاز
میں منعقدہ پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے ہنزہ کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا
کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان ہنزہ کے عوام کے مسائل کو حل کرنے
کےلئے بھرپور اقدامات کرے گی۔ تمام منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا
جائے گا۔