گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے زیر صدارت داسو
ڈیم کےلئے زمین کی خریداری اور متاثرین کے تحفظات کو حل کرنے کے حوالے سے
اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میںدیامر سے تعلق رکھنے والے صوبائی
وزراءانجینئر انور، حاجی رحمت خالق اور حاجی شاہ بھی موجود تھے۔ واپڈا کی
جانب سے جی ایم لینڈ ایکوزیشن واپڈا برگیڈیئر (ر) شعیب تقی، جی ایم دیامر
بھاشا ڈیم پروجیکٹ انجینئر نذاکت حسین ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک
تھے جبکہ دیگر آفیسران ،کمشنر دیامر ڈویژن ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ،
صوبائی سیکریٹری قانون ،ڈپٹی کمشنر دیامر اور متاثرین داسو ڈیم بھی اجلاس
میں موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا
کہ ملکی مفاد میں شروع کئے جانے والے میگا منصوبے کسی صورت متاثر نہیںہونے
چاہئیں جس کےلئے متاثرین داسو ڈیم کے تحفظات اور جائز مطالبات پر سنجیدگی
سے غور کرنا ہوگا۔ داسو ڈیم کی تعمیر میں 513ایکڑ زمین کا حصول گلگت
بلتستان کے حدود سے ہونا ہے جس کےلئے دیامر میں داسو ڈیم ڈیسک کو فعال
بنانے کی ضرورت ہے تاکہ متاثرین داریل ، تانگیر اپنے جائز مطالبات کے حل
اور تحفظات کو دور کرنے کےلئے داسو ڈیم کے دیامر ڈیسک سے رابطہ کرسکیں اور
ڈپٹی کمشنر دیامر ان کے جائز مطالبات کو حل کرنے کےلئے اقدامات کرسکیں۔
دیامر بھاشا ڈیم کےلئے درکار زمین کے حصول کے دوران جو سہولیات داسو کے
عوام کو میسر تھی بالکل وہی سہولیات داسو ڈیم کےلئے درکار زمین کے حصول
کےلئے داریل تانگیر کے متاثرین کو بھی حاصل ہونی چاہئے۔ داسو ڈیم اور دیامر
بھاشا ڈیم کی تعمیر کےلئے دیامر کے عوام نے جو قربانیاں دی ہیںہمیں ان
قربانیوں کی قدر کرنے کی ضرورت ہے اور متاثرین کی جائز مطالبات حل کرنے
کےلئے سنجیدگی سے غو رکرنا ہوگا۔ داسو ڈیم کے داریل تانگیر کے متاثرین کے
حقوق کا تحفظ اور جائز مطالبات حل کرنا واپڈا کی ذمہ داری ہے۔ گلگت بلتستان
میں جی پی ایس/الیکٹرانک ڈیٹا کےلئے صوبائی اسمبلی سے منظوری درکار ہے جو
ابھی تک نہیں ہوئی ہے اور داسو ڈیم کےلئے درکار زمین کے حصول کےلئے سیکشن
فور 2019 میں نافذ کیا گیا تھا جو 2020 میں کالعدم ہوچکا ہے، لہٰذا ڈپٹی
کمشنر دیامر داسو ڈیم کے درکار زمین کا از سر نو سروے کرےں۔ ڈپٹی کمشنر
دیامر کو لینڈ ایکوزیشن کلکٹر کے وہی اختیارات حاصل ہونے چاہئےں جو ڈپٹی
کمشنر داسو کو حاصل ہیں تاکہ متاثرین داریل و تانگیر اپنے تحفظات اور
ضروریات کےلئے ڈپٹی کمشنر دیامر سے رجوع کرسکیں۔ اجلاس میں جی ایم لینڈ
ایکوزیشن واپڈا برگیڈیئر (ر) شعیب تقی نے متاثرین داسو ڈیم کے مطالبات کو
جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ داریل تانگیر کے متاثرین کو بھرپور سہولیات
فراہم کرنے اور ان کے جائز مطالبات کو حل کرنے کےلئے بہت جلد جی ایم واپڈا
اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے مابین اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں
متاثرین کے تمام تحفظات کے فوری حل کےلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔