سکردو، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ بلتستان کی تعمیر وترقی اور مسائل حل کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سرکاری محکموں کے سربراہان کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں پی آئی اے کے علاوہ دیگر ہوائی کمپنیوں کو بھی فلائٹ آپریشن کےلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیاجائے گا۔ صحت کے شعبے کی بہتری کےلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ جنرل نرسز کی کمی دورکرنے کےلئے جلد نرسنگ کالج کا قیام عمل میں لائیں گے۔ تمام بچوں تک تعلیم کی رسائی ممکن بنانے کےلئے خصوصی اقدامات کریں گے۔ سکردو میں دو ہائی سکولوں کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا جائے گا۔ سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کےلئے خصوصی حکمت عملی بنائی جائے گی۔ بلتستان میں ٹوریسٹ انفراسٹرکچر کی بہتری کےلئے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے پاور کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ پاور پروجیکٹس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ سکردو شہر میں بجلی کے بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے نارویجن حکومت سے سولر پاور پروجیکٹ کی تنصیب کے حوالے سے معاہدہ کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ نے محکمہ برقیات کے آفیسران کو ہدایت کی کہ اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ واٹر لفٹ سسٹم پر ایمرجنسی کے تحت کام جاری ہے۔ بہت جلد واٹر لفٹ سسٹم کے منصوبوں کو مکمل کیاجائے گا۔ سکردو کےلئے دریا سے بھی واٹر لفٹ کے منصوبے کی منظوری دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر بلتستان اور دیگر متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی کہ سکردو ماسٹر پلان کی منظوری کےلئے مجاذ متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے عوام کی جانب سے فیالونگ واٹر ڈائیورجن منصوبے کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ای ٹی آئی کے تحت اس منصوبے کی تکمیل کےلئے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنر بلتستان اور محکمہ خوراک کے آفیسران کو ہدایت کی کہ سنوباﺅنڈ ایریاز(Snow Bond Areas) میں گندم کی جلد سپلائی کے عمل کو مکمل کریں۔ دریائی کٹاﺅں سے درپیش مسئلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کےلئے وفاقی حکومت کے تعاون سے اقدامات کریں گے۔ شغرتھنگ روڈ کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جلد اس منصوبے کے ٹینڈر کا عمل مکمل کرکے کام کا آغاز کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ تمام نئے اضلاع کو مکمل فعال بنانے کےلئے اقدامات کریں گے۔
