ڈینگی کے وار نہ تھمے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں مزید 160 افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان نے بتایا کہ رواں برس صوبہ بھر میں اب تک 8ہزار 163افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے، لاہور میں گزشتہ 24گھنٹوں میں ڈینگی کے 68نئے مریض سامنے آئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے3ہزار384 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 30، ملتان میں 9، گوجرانوالہ میں 25اور فیصل آباد میں 16نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی، اس کے علاوہ شیخوپورہ، سرگودھا، نارووال، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، ننکانہ صاحب، وہاڑی، لودھراں، پاکپتن اور حافظ آباد میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 142مریض زیر علاج ہیں جبکہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 45 مریض زیر علاج ہیں۔
