گلگت بلتستان سرمایہ کاروں کےلئے گیٹ وے ، اسلام آباد میں کانفرنس

اسلام آباد (پ ر) گلگت بلتستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کوفروغ دینے کیلئے حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے سرینا ہوٹل اسلام آباد میں GB Investment Roadshow کے عنوان سے ایک روزہ انوسٹمنٹ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان ،صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات راجہ ناصر علی خان، وزیر صحت و قانون سید سہیل عباس، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی ، مختلف ممالک کے سفراء، گلگت بلتستان حکومت کے انتظامی آفیسروں سمیت پاکستان بھر سے متعدد سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ایک روزہ کانفرنس منعقد کرنے کا مقصد گلگت بلتستان میں سیاحت،زراعت انفارمیشن ٹیکنالوجی ،ہائیڈرو پاور ، زراعت، منرل اینڈ مائننگ اور دیگر شعبوں میں پاکستان سمیت بیرون ملکوں سے سرمایہ کاروں کو گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کرنے کی طرف راغب کرنا اور حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور سہولیات کے حوالے سے آگاہ کرنا تھا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود تھے اور ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان مواقع استفادہ کرنے کیلئے صوبائی حکومت سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کریگی۔ گلگت بلتستان حکومت نجی شعبے کو تقویت دینے اور سرمایہ کاری کیلئے آسان مواقع فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان کے دیگر علاقوں کی نسبت جرائم کی شرح کم ہونے کی بدولت سرمایہ کاروں کے لئے بہت موزوں خطہ ہے۔حالیہ برسوں میں حکومت نے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا ہے اس وقت 400 سمارٹ سکولز میں آئی ٹی کی تربیت دی جارہی ہے۔ہیلتھ سیکٹر میں پاکستان کے سرکاری و غیر سرکاری ہسپتال گلگت بلتستان کے ہیلتھ سیکٹر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔انہوں نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروا دی۔اس موقع پر وزیرمنصوبہ بندی و ترقی راجہ ناصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت نے انفرا سٹرکچر کی بہتری، قدرتی وسائل، تعلیم اور صحت کے شعبوں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے خصوصی اقدانات کئے ہیں اور بیرون ممالک سے بھی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے پالیسی بنیادوں پر اصلاحات کا نفاذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے تعلیم ، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تسلی بخش اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قلیل مدت میں گلگت بلتستان کے ہر ضلع میں آئی ٹی پارکس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔صحت کے شعبے کو ترجیح دیتے ہوئے شفا انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات لی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان سرمایہ کاروں کے لئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ گلگت بلتستان کی ترقی میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور گلگت بلتستان انویسمنٹ روڈ شو اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ایک روزہ سرمایہ کاری کانفرنس سے پاکستان بھر سے متعدد سرمایہ کاروں نے بھی خطاب کیا اور خطے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جبکہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان ایشیا کا دھڑکتا دل ہے جو اہم ترین ایشیائی ممالک کے درمیان واقع ہے، محمد جہانزیب خان نے گلگت بلتستان اور یہاں کے لوگوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے خوبصورت لوگ، فطرت کے مظاہر اور حسین قدرتی نظارے پورے گلگت بلتستان کی شناخت اور تعارف ہیں، اس خطے میں جرائم کی شرح کم اور خواندگی کی شرح زیادہ ہے جو گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی پسندانہ سوچ اور مہارتوں کو ظاہر کرتی ہے، گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے ڈیجیٹل رابطہ اتنا ہی اہم ہے جتنا پاکستان کے کسی بھی دوسرے شہر کا ہے،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔کیونکہ یہاں کا قدرتی حسن اپنی مثال اپ ہے جس کو دیکھنے کے لیے پوری دنیا سے سیاح گلگت بلتستان کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے گلگت بلتستان کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اور وفاقی حکومت کی ترجیحات میں ہے کہ گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ یہاں کے لوگوں کی معیار زندگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سیاحت کو بھی فروغ دیا جا سکے۔ روپانی ڈویلپمنٹ انیشیٹوز (RDI) کے گلوبل سی ای او سید جلال الدین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس انوسٹمنٹ کانفرنس نے گلگت بلتستان حکومت کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا ہے جہاں پر گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت ان شعبوں میں سرمایہ کاروں کو پرکشش سرمایہ کاری کی ترغیب دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اکثر "مواقع کی سرزمین" کہا جاتا ہے، جو سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی سرزمین ہے اور اپنے جغرافیائی محل وقوع، قدرتی وسائل، اور تیزی سے ترقی پذیر بنیادی ڈھانچے کی وجہ سے خطے میں اپنا ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔