گلگت (پ ر) سیکرٹری برقیات سجاد حیدر نے واٹر اینڈ پاور کے تمام ڈیفالٹرز اور غیر قانونی بجلی استعمال کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کردیا ہے۔ ترجمان محکمہ برقیات گلگت بلتستان تجمل حسین مغل نے پبلک ریلیشن آفس واٹر اینڈ پاور سیکرٹریٹ سے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ سیکرٹری برقیات سجاد حیدر نے تمام ایگزیکٹیو انجینئرز کو حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ برقیات کے وہ تمام ملازمین جو بجلی بل کو باقاعدہ ادا نہیں کررہے یا جو غیر قانونی طریقے سے بجلی استعمال کررہے ہیں انکے خلاف فی الفور کاروائی عمل میں لائیں۔ سیکرٹری برقیات نے کہا ہے کہ جو جو ملازمین بجلی کا بل ادا نہیں کررہے ان کی تنخواہ سے بجلی بل کاٹے جائیں۔ اس سلسلے میں ان تمام ملازمین کے خلاف اکاﺅنٹنٹ جنرل کو لیٹر جاری کریں تاکہ ان کی تنخواہ سے بجلی بل کی رقم حاصل کی جائے۔ اسی طرح جو بھی ملازم بجلی کی چوری میں ملوث پایا جائے اس کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لایا جائے۔
