بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے تاکہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں،حاجی گلبر خان



گلگت(پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے الیکشن کمیشن گلگت  بلتستان کے زیر اہتمام بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حلقہ بندی کمیٹیوں کے تین روزہ ٹریننگ ورکشاپ کے اختتامی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت  بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہماری ترجیح ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے تاکہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں۔ گزشتہ کئی عرصے سے گلگت  بلتستان میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکے لیکن ہماری حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا عزم کیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کو شفاف بنانے میں نئی حلقہ بندیوں کا عمل اہم مرحلہ ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے ایکٹ میں چند ترامیم تجویز کی گئی ہیں اور سیکریٹری قانون کو ہدایت کی ہے کہ ان ترامیم کو جلد مکمل کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حکومت گلگت  بلتستان الیکشن کمیشن گلگت  بلتستان کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے بلدیاتی انتخابات کی بہتر انداز میں انعقاد کیلئے چیف الیکشن کمشنر کے کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تین روزہ تربیتی ورکشاپ میں شریک آفیسران میں اسناد تقسیم کئے۔