ہنزہ (پ ر) معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے کہا ہے کہ ہنزہ کے مسائل مرحلہ وار حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے،فوری حل طلب مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ دیرپا مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سمیت صوبائی کابینہ کی خدمات بھی حاصل کی جائینگی ،ہنزہ پریس کلب میں ہنزہ کے سیاسی ، سماجی ، عوامی حلقوں ، نمبرداران اور سول سوسائٹی کی جانب سے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ہنزہ کے عوام کے منہ سے نوالہ چھینا گیا ہے ، کسی ادارے کا صحیح رویہ نہیں رہا،ہنزہ کے عوام نے ہمیشہ میرٹ کی بات کی ہے گلگت بلتستان اور پاکستان کیلئے قربانیاں دی ہیں ہنزہ کو سب نے مشکلات میں دھکیل دیا ہے اگر کسی کو ہنزہ کے بارے میں جاننا ہے تو جاکر چنار باغ میں ہنزہ کی بہادری کا جائزہ لیں۔میں یقین دلاتا ہوں کہ اب ہنزہ کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔میں نے چیلنجز دیکھے ہیں ہم نے کسی کے ساتھ ترقی ، روزگار بارڈر ٹریڈ میں زیادتی نہیں کی، اب ہم اپنا حق مانگ رہے ہیں،کوئی غلط ڈیمانڈ نہیں کر رہے۔ہم میرٹ پر حق مانگتے ہوئے کسی سے نہ ڈریں گے اور نہ ہچکچائیں گے۔میں ہنزہ کے مسائل سے آگاہ ہوں اور ان مسائل کے حل کیلئے مختلف پلیٹ فارمز پر کوشش بھی کی ہے۔2004 کے ضلع کونسل کے انتخابات میں شناکی کے عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا تھا جبکہ پورے ہنزہ کے عوام نے عزت دی اس دوران میں نے صرف شناکی نہیں پورے ہنزہ کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔بعد ازاں صحافت کے شعبے میں رہ کر عوامی مسائل اجاگر کئے ۔ایمان شاہ نے واضح کیا ہے کہ میں نے ضلع کونسل گلگت کا معیاد پورا ہونے کے بعد سیاست سے کنارہ کشی کی ہے،میں کسی سیاسی پارٹی کا نمائندہ نہیں اور نہ ہی کسی مخصوص علاقے کا نمائندہ ہوں تا ہم میرا تعلق ہنزہ سے ہے اور ہنزہ کے عوام کی جانب سے عزت افزائی پر میں نہ صرف شکریہ ادا کرتا ہوں بلکہ ہنزہ کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی علاقے کے عوام کو وسائل فراہم کرنا اور مسائل حل کرنا حکومت کی زمہ داری ہوتی ہے اگر آپکے مسائل حل کئے جاتے ہیں تو یہ کوئی احسان نہیں آپکا حق ہے ہنزہ کے دیرنہ مسائل کے حل کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائینگے اس مقصد کیلئے میں ایک ہفتے کے دورے پر ہنزہ آونگا اور تمام محکمہ جات سے بریفنگ لے کر محکموں کے استعداد کار کا جائزہ لوں گا ، ضلعی محکمہ جات سے حل ہونے والے مسائل فوری حل کرنے کیلئے احکامات جاری کرکے کام کی رفتار کو تیز کیا جائیگا جبکہ صوبائی سطح پر حل ہونے والے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے مذید کہا کہ ہم پہلے ہنزہ کے عوام ہیں کوئی شخص اپنا عقیدہ تبدیل کر سکتا ہے لیکن اپنی قومیت اور علاقائیت تبدیل نہیں کر سکتا ہم کسی علاقے میں جاتے ہیں تو ان علاقوں کے روایات کی قدر کرتے ہیں اور انکی عزت کرتے ہیں ایسے ہی یہاں جو بھی آتا ہے یہاں کے روایات کی عزت کرے۔ آئی ٹی پارک ، پانی کے منصوبے ، حد بندی اور دیگر مسائل کا حل حکومتی کی زمہ داری ہے جس کیلئے کوشاں ہیں،اور اب انشاءاللہ حل ہونگے۔ہمیں اخلاقی طور پر بھی معاملات ٹھیک کرنے ہیں اور اس مقصد کیلئے تمام نوجوانوں کے ساتھ ملکر کام کرینگے۔قبل ازیں ہنزہ کے عمائدین غلام قادر بیگ ، ظہور کریم ایڈوکیٹ ، شیخ موسیٰ کریمی ، باقر ریحان ، نمبردار اسلم ،نمبردار سر شمشاد اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ ناصر آباد ہنزہ میں لوکل کونسل شناکی کرم علی شاہ ، رحمت کریم اور دیگر نے خطاب کیا۔التت ہنزہ میں سابق امیدوار گلگت بلتستان اسمبلی نور محمد نے علاقے کے مسائل بیان کئے ۔
