سیاحت، خواتین کی ترقی اور تعلیمی شعبوں میں معاونت فراہم کریں گے، امریکی سفیر

گلگت ،ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش اور ممبر اسمبلی رانی صنم فریاد سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیرڈونلڈ بلَوم نے ملاقات کی ہے. اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً خواتین کی ترقی و بہبود کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی. ملاقات میں امریکی سفیر نے گلگت بلتستان میں مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا جس پر ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش نے خواتین کو درپیش مسائل اور انکے تدارک کیلئے اقدامات پر زور دیا. ڈپٹی سپیکر نے گلگت بلتستان کے طلباءکے لئے امریکہ کے تعلیمی اداروں میں سکالرشپ اور داخلوں میں ترجیح دینے پرزور دیا. ڈپٹی سپیکر نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے میں بہت مواقع ہیں اور اس شعبے کی ترقی کے لئے تیکنیکی معاونت اور تعاون فراہم کرے. ملاقات میں ڈپٹی سپیکر نے امریکی سفیر کو بتایا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن اور قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے البتہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے یہ علاقہ سالانہ متاثر ہوتا ہے. جس کے نتیجے میں یہاں کے باسی قیمتی جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرتے ہیں. ماحولیات کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے. اس پر امریکی سفیر نے ڈپٹی سپیکر کو یقینی دہانی کرائی ہے کہ ماحولیات کے تحفظ، سیاحت، خواتین کی ترقی اور تعلیمی شعبوں میں خصوصی معاونت فراہم کرینگے۔