منشیات فروشوں، اشتہاریوں کے خلاف مہم تیز کی جائے، آئی جی

گلگت ،منشیات کے خلاف گلگت بلتستان بھر میں جاری مہم کو مذید تیر کیا جائے۔ منشیات کے کاروبار سے منسلک افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں یہ لوگ معاشرے کے ناسور ہیں۔ منشیات کے عادی لوگوں کے خلاف بھی کاروائیاں تیز کی جائیں۔ گلگت بلتستان کے داخلی و خارجی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے عمل کو مذید موثر بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے پولیس ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو منشیات سے پاک خطہ بنانے کے لئے پولیس اپنی تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے تمام ریجن کے ڈی آئی جیز کو ہدایات دی کہ سمگلروں اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے NGOs کا تعاون حاصل کیا جائے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں اشتہاری مجرمان کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے۔ اور سپیشل برانچ اور دیگر اداروں سے بھی اشتہاریوں کا ڈیٹا شیئر کیا جائے اور ملک کے دیگر صوبوں کے پولیس اور اداروں کے ساتھ بھی رابطوں میں وسعت لائی جائے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ پراپرٹی کے حوالے سے جتنے بھی جرائم وقوع پذیر ہوتے ہیں ان کے خلاف مقدمات کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔ تمام زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد مکمل کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ گلگت بلتستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر لوگوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ا±ن کی بھر پور نگرانی کی جائے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے گلگت میں بڑھتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام اضلاع کے پولیس آفیسران کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ ان وارداتوں پر قابو پانے کے لئے پولیس کی سپیشل ٹیمیں تشکیل دیں اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفت میں لائیں۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ اس خوبصورت خطے میں امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے سیمینارز اور پروگرامز کے زریعے فورس کو کنوینس convince کیا جائے اور لسانیت و دیگر تعصبات کے خلاف ذہن سازی کی جائے تاکہ وہ معاشرے میں ہمارے سفیر بن کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل پولیس آفس میں شہداءسیل کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ شہداءکے لواحقین کی فوری دادرسی ممکن ہو سکے۔ چائینیز کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے۔ پولیس فورس کے جوانوں کے ویلفیئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ فورس کے تمام جوانوں کا سکرین ٹیسٹ کیا جائے اور لیپڈ پروفائل (LP) بھی کرائی جائے تا کہ جوانوں کی صحت کا بھر پور خیال رکھا جاسکے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان نے پولیس فورس میں ڈسپلن کو حوالے سے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام فورس ایک ہی پیٹرن کا یونیفارم پہنے۔ غیر نمونہ یونیفارم کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے آخر میں کہا جی بی پولیس کے زیر تکمیل ویلفیئر منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نوید احمد نثار خواجہ، ڈی آئی جی حنیف اللّٰہ خان, ڈی آئی جی راجہ مرزا حسن، اے آئی جی محمد جمیل، اے آئی جی عبداللّٰہ، ایس ایس پی آفتاب عالم، ایس پی گلگت، رجسٹر سی پی او اور دیگر آفیسران نے شرکت کی جبکہ ڈی آئی جی فرمان علی اور ڈی آئی جی فروخ رشید اور ایس ایس پیز نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔