مقابلے کے امتحانات، نتائج میں تاخیر کا معاملہ حکام سے اٹھاوں گا، گورنر

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے حالیہ امتحان پاس کرنے والے امیدواروں نے ملاقات کی او ر گورنر گلگت بلتستان کو نتائج کے اعلانات میں تاخیر کے حوالے سے آگاہ کیا کہ وہ متعلقہ اداروں کے ذریعے امتحان کے نتائج کے اعلان کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شا ہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مقابلے کے امتحان پاس کرنے والے امیدواروں کو یقین دلایا کہ وہ گلگت بلتستان مقابلے کے امتحانات کے نتائج کے اعلان کے لیئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذمہ داران، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور سیکریٹری سروسز کو مطلع کریں گے تا کہ وہ فوراً نتائج کے اعلان کے لئے اقدامات کر یں اور گلگت بلتستان کے مستحق نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں۔ گورنر گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ وہ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی اور معاشرے سے بے روزگاری کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں اور میرٹ پر امتحانات پاس کرنے والے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔