ذخیرہ اندوزوں ،سمگلرز،بجلی چوروں، نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

گلگت،چیف سیکرٹری جی بی کی زیرصدارت اجلاس میں انسداد ذخیرہ اندوزی، انسداد سمگلنگ اور بجلی چوری کے خلاف کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری پانی و بجلی، ڈویژنل کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی، جس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں، سمگلروں اور بجلی کے نادہندگان/چوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مندرجہ ذیل فیصلے کیے گئے۔ قیمتوں کی استحکام لانے کی کوششوں کو تیز کیا جائے اور گلگت بلتستان کی سطح پر تمام ڈی سیز کی طرف سے جمع کرائی جانے والی روزانہ کی رپورٹس میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں۔ 24/7 شکایات سیل ضلع/ڈویژنل سطح پر قائم کیے جائیں گے۔ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام الناس کے لیے مارکیٹ میں اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ گلگت بلتستان کے تینوں انٹری پوائنٹس یعنی تھور، بابوسر اور برسات میں پولیس اور محکمہ خوراک کی مشترکہ چیک پوسٹوں کو فعال بنایا جائے۔ تمام CPs پر کیمرے نصب کیے جائیں اور ان میں مناسب ہدایات اور وارننگ کے احکامات بھی آویزاں کیے جائیں۔ سمگلروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی روزانہ کی رپورٹ تمام ڈپٹی کمشنرز جمع کرائیں۔ کسی کو بھی سبسڈی والی گندم/آٹا جی بی سے باہر اسمگل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے سیکرٹری خوراک کو ہدایت کی کہ وہ عام لوگوں کو آٹے کی بجائے گندم فراہم کرنے کا طریقہ کار وضع کریں تاکہ سمگلنگ کے رجحان کو روکا جا سکے۔ تحصیل/ضلعی سطح کی ٹاسک فورسز کو فعال کر کے بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاو¿ن شروع کیا جائے اور ان کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کی جائے۔ صارفین سے بجلی کے واجبات کی وصولی کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی نے سیکرٹری واٹر اینڈ پاور کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف تمام صارفین کو بلوں کی ترسیل کو یقینی بنائیں بلکہ ان سے وصولی کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کریں۔ واجبات کی وصولی اور نادہندگان/بجلی چوروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی روزانہ رپورٹنگ تمام ڈپٹی کمشنرز بغیر تعطل کے جاری کریں۔