گلگت،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین نے خودساختہ مہنگائی کرکے عوام سے زائد قیمتیں وصول کرنے والے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم جاری کر دیا ہے۔چیف سیکریٹری نے تمام ڈویڑنل کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ منافع خوروں کے خلاف تحصیل سطح پر باقاعدہ مہم شروع کریں تاکہ عوام کے لیے اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنایا جا سکے۔ تمام ڈویڑنل کمشنروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی رپورٹ چیف سیکریٹری آفس کو مطلوبہ ڈیٹا اور کارروائی کی تفصیلات کے ساتھ پیش کریں۔ مزید برآں، تمام ڈویڑنل کمشنروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں 24/7 گھنٹے چیف سیکرٹری شکایات سیل قائم کریں تاکہ عوامی مسائل اور شکایات کے فوری حل کیلئے اقدامات بروئے کار لائے جا سکیں۔شکایت سیل کے رابطہ نمبرز کو محکمہ اطلاعات کے ذریعے گلگت بلتستان میں تمام ڈیجیٹل میڈیا پیجز پر تشہیر کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ڈویڑنل کمشنر اپنے دفاتر میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کریں گے تاکہ منافع خوروں کے خلاف چیف سیکرٹری کی مہم کے بارے میں تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جا سکےںخودساختہ مہنگائی کرکے زائد قیمتیں وصول کرنے والے بالخصوص گروسری اسٹورز اور بیکرز ، سبزی اور پھل فروش، چینی اور آٹے کے اسٹورز، گوشت بیچنے والے، ایل پی جی گیس بیچنے والے ، میڈیکل اسٹورز، ہوٹل و ریسٹورینٹ، برائلرمرغی فروش ، ہارڈویئر اسٹورز، سافٹ ڈرنکس اور منرل واٹر کی ہول سیل وغیرہ کے خلاف کریک ڈاون تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
