سوست پر تجارتی سرگرمیاں بند ہوچکیں، وزیراعظم نوٹس لیں، چیمبر آف کامرس

 گلگت، گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس سمیت تمام تاجر تنظیموں نے سوست میں تجارتی سرگرمیاں بند ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلی گلگت بلتستان سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس کے صدر عمران علی کی صدارت میں ایک اجلاس منعقدہواجس میں ہنزہ چیمبر آف کامرس' نگر چیمبر آف کامرس' سوست بازار ایسوسی ایشن سمیت تمام بارڈر تاجر چھوٹے بڑے ایسوسی ایشنز کے نمائندے شریک تھے اجلاس میں پاک چین تجارت کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاک چین سرحد پر تجارتی سرگرمیاں بند ہونے سے ہزاروں نوجوانوں کا بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام چھوٹے بڑے تاجروں نے مختلف بنکوں سے قرضے حاصل کئے ہیں تاکہ چین سے تجارت کے ذریعے اپنا روزگار کماسکیں۔ ایف بی آر کے سخت قوانین کی وجہ سےتاجروں کے واحد روزگار کا زریعہ بند ہوا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کے اس دور میں بےروزگاری کا سیلاب آئے گا۔ ایوان صنعت و تجارت گلگت بلتستان کے صدر عمران علی نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے سخت قوانین اور پاک چین سرحد سے وابستہ تاجروں کو بلاوجہ تنگ کرنے کی وجہ سے سوست ڈرائی پورٹ میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ پہلے ہی کرونا کے ستائے ہوئے تاجروں کے لئے ایف بی آر اور کسٹم وبال جان بن چکی ہے۔ ایسے میں تجارتی سرگرمیاں بند ہونے سے تاجر سخت پریشانی اور مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان' وزیر اعلی' گورنر' اور چیف سیکریٹری سے اپیل کی ہے کہ سوست بارڈر میں تاجروں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے اور فوری طور پر تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں