محکمہ برقیات میں اصلاحات کا فیصلہ،بجلی بحران پر قابو پالیں گے، گلبر خان


 گلگت:وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ محکمہ برقیات کےلئے ریونیو میں اضافہ ایک چیلنج ہے۔ بجلی کے بلوں کے حصول کے نظام کو بہتر بنائیں۔ صارفین کو بجلی کی فراہمی کے عوض صرف 50 فیصد بجلی کے بلوں کا حصول فوری طور پر قابل اصلاح ہے ۔ روایتی طریقہ کار کے بجائے بجلی کے بلوں کے حصول کےلئے زیادہ مربوط اور متحرک نظام متعارف کرایا جائے۔ سال 2023-24 کے متعین کردہ ریونیو ٹارگٹ کے حصول کو ممکن بنانے کےلئے محکمہ ابھی سے خصوصی اقدامات کرے۔محکمہ برقیات کی جانب سے بریفنگ کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سپیشل انوسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (SIFC)کے تحت گلگت بلتستان کے بڑے پاور پروجیکٹ میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کےلئے وزیر اعظم آفس سے رابطے میں ہیں۔ بجلی کے نئے منصوبوں کو سسٹم میں شامل کرنے کے حوالے سے درپیش ایل سی کا مسئلہ حل کرنے کےلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی گئی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے متوقع دورے گلگت کے موقع پر بھی گلگت بلتستان کے پاور پروجیکٹس کی تکمیل کےلئے ایل سی کا مسئلہ حل کرنے پر بات کی جائے گی امید ہے وزیر اعظم پاکستان اپنے دورے کے موقع پر ایل سی کا مسئلہ حل کریں گے۔ محکمہ زیر تعمیر پاور پروجیکٹس کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنانے کےلئے ورک پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے۔ گلگت بلتستان میں واپڈا کے تحت پاور پروجیکٹس کی رفتار کو بھی بہتر کرنے کےلئے متعلقہ محکمے سے رابطہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی کہ سردیوں میں بجلی کے بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی پر کام کریں۔ گلگت، سکردو، دیامر اور ہنزہ میں متبادل توانائی کے ذرائع متعارف کرانے کےلئے سولر پاور پروجیکٹس کی سٹڈی کرائی جائے۔ محکمہ برقیات میں نئی اصلاحات متعارف کرانے اور گورننس کو بہتر بنانے کےلئے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کی جارہی ہے جو محکمے کو درپیش مسائل بروقت حل کرنے سمیت نئے پالیسیز متعارف کرانے کےلئے کام کرے گی۔ پی ایس ڈی پی پاور پروجیکٹس کی رفتار کو تیز کرنے کےلئے ریلیز میں اضافے کےلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کو سیکریٹری برقیات نے محکمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔