سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ادارے کو فعال بنائیں گے ، وزیر اعلیٰ


گلگت : وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے محکمہ معدنیات، کامرس، لیبر اور انڈسٹریز کی محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان سپیشل اکنامک زون انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، اس منصوبے کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصوبے کے حوالے سے کارروائی جلد مکمل کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان سپیشل اکنامک زون کے منصوبے کو بھی جلد عملی جامعہ پہنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو جلد ضروری کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ صوبے کے صنعت کاروں کو بھرپور سہولیات اور وسائل فراہم کئے جاسکیں اور روزگار کے مواقع میسر ہوں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ادارے کو فعال بنائیں گے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروںکو ون ونڈو آپریشن کی سہولت میسر ہو۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ کو حقیقی معنوں میں فعال بنانے سے گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کیلئے نئی راہیں کھلیں گی۔ صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ٹیکنیکل تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ چائلڈ لیبر پر پابندی سے متعلق قوانین پر عملدرآمد اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری انڈسٹریز کو ہدایت کی کہ صوبے کے مختلف چیمبر آف کامرس کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں۔ صوبوں میں معدنیات کا شعبہ ریونیو کا اہم ذریعہ ہے، گلگت بلتستان میں بھی معدنیات کے شعبے میں بہتری لائیں گے اور ریونیو میں اضافہ کریں گے۔ محکمے کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے لیزز پر عائد پابندی جلد ختم کی جائے گی جس سے مائیننگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ سپروائزری کمیٹی کے اجلاس ماہانہ بنیادوںپر منعقد کئے جائیں تاکہ معدنیات کی لیزز کے حوالے سے درپیش مسائل کو بروقت حل کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری معدنیات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر فعال لیزز کا قانون کے مطابق ازسر نو جائزہ لیا جائے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے معدنیات مولانا سرور شاہ، معاون خصوصی برائے کامرس اینڈ امور نوجوانان زبیع اللہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو صوبائی سیکرٹری معدنیات، لیبرز اور انڈسٹریز نے محکمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔