سروس ٹربیونل کو جلد فعال بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ

 گلگت،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کو درپیش قانونی مسائل کو حل کرنے کےلئے جلد سروس ٹریبونل کو فعال بنائے گی ۔محکمہ قانون وانصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ کوبریفنگ دی گئی اس موقع پرانہوں نے کہا کہ چیف کورٹ جوڈیشل کمپلیکس کوترجیحی بنیادوں پر لیکن وسائل کی دستیابی کو ملحوض خاطر رکھتے ہوئے مرحلہ وار تیار کیا جائے گا تاکہ ججز، وکلاءاور سائلین کو درپیش مسائل کو حل کیا جاسکے۔ محکمہ قانون و انصاف انتہائی اہمیت کا حامل محکمہ ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس محکمے کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ تمام محکموں میں لیگل ایڈوائزرز موجود ہیں لہٰذا تمام سیکریٹریز کو اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ سرکار کےخلاف کیسز میں پیرا وائز کمنٹس (جواب دعویٰ) مقررہ مدت میں عدالتوں میں جمع کرائیں اور لیگل ایڈوائزرز حکومتی مفاد کا عدالتوں میں بھرپور دفاع کریں، بصورت دیگر متعلقہ آفیسران کےخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عدالتوں میں بروقت جواب دعویٰ جمع نہ کرانے اور مقررہ مدت میں اپیل نہ کرنے کی وجہ سے متعدد کیسز کا فیصلہ حکومت کےخلاف آتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکار کےخلاف تمام کیسز کا جواب دعویٰ مقررہ مدت میں عدالتوں میں جمع کرایا جائے۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری قانون و انصاف رحیم گل نے محکمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔