منافرت پھیلانے والے ترقی کے دشمن، حکومتی رٹ قائم کریں گے، وزیراعلیٰ

گلگت : وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت پارلیمانی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں مستقل قیام امن کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ پارلیمانی امن کمیٹی کا فورم انتہائی موثر، ذمہ دار اور بااختیار ہے۔ پارلیمانی امن کمیٹی گلگت بلتستان میں بھائی چارے اور اخوت کی فضاءکو فروغ دینے اور کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سکردو اور دیامر کا دورہ کرے گی اور علمائے کرام سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کرے گی۔ ان ملاقاتوں اور اس کے نتیجے میں مرتب ہونے والے لائحہ عمل پر عملدرآمد کیلئے قابل عمل تجاویز / سفارشات مرتب کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں امن وامان کے حوالے سے علمائے کرام، معاشرے کے ذمہ دار افراد اور تمام طبقہ جات نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے جو قابل تحسین ہے۔ گلگت بلتستان کے ماحول کو بہتر بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور سب کو ا س حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا انحصار قیام امن سے ہے۔ جو لوگ معاشرے میں اشتعال اور مذہبی منافرت پھیلانے کی سازشیں کرتے ہیں حقیقت میں وہ گلگت بلتستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کیخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔گلگت بلتستان کسی قسم کے سازشوں کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حکومتی رٹ قائم کریں گے اور کسی کو بھی حکومتی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں مثالی اور مستقل قیام امن کیلئے پارلیمانی امن کمیٹی کے تمام ممبران اپنا کردار ادا کریں گے جن سرکاری ملازمین نے سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے کیلئے مختلف پوسٹ کئے ہیں ان کیخلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔----