گلگت ،قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں یوم پاکستان کے حوالے سے شاندار پینٹنگ کی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹرریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق نمائش میں پاکستان کے نامور آرٹسٹ علی عظمت کی جا نب سے یوم پاکستان کے حوالے سے مرتب کردہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی تصاویرکے فن پاروں کی نمائش کی گئی۔ ایک روزہ نمائشی پینٹنگ کا انعقاد قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی تعاون سے فارآرٹ سیک،پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹ(پی این سی اے) نے کیاتھا۔ ایک روزہ پینٹنگ کے مہمان خصوصی فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل تھے ۔ان کے ہمراہ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے چیئرمین انجینئر امتیاز ایچ گیلانی،وائس چانسلرقراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ، مختلف اداروں کے ذمہ داران،یونیورسٹی کے سینئر انتظامی وتدریسی افسران سمیت طلبہ وطالبات کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔نمائش میں مہمانوں نے یوم پاکستان کے حوالے سے مرتب کردہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی تصاویرکے فن پاروں کا جائزہ بھی لیااوران فن پاروں کی تعریف کرتے ہوئے خوب داد دی۔ پینٹنگ کے نمائش سے متعلق منعقدہ افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لوگوں میں ملک سے جو محبت ہے اس کی مثال نہیں ملتی ہے ۔یہاں کا بچہ ،بوڑھا ،جوان ہرکوئی جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے ۔جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔گلگت بلتستان کے لوگو ں کی ملکی تعمیروترقی میں جو کردار ہے اسے کسی صورت فراموش نہیں کیاجاسکتاہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں نوجوان نسل کو قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال کے افکار سے مزید روشناس کرانے کی ضرورت ہے ۔یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ پینٹنگ نمائش سے قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کے وژن سے نوجوان نسل کوروشناس کرانے میں مد د ملے گی ۔فورس کمانڈر نے نامور آرٹسٹ علی عظمت کی جا نب سے یوم پاکستان کے حوالے سے مرتب کردہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی تصاویرکے فن پارے تیار کرنے پر ان کی کاوشوں کی تعریف کی ۔فورس کمانڈر نے اپنی تقریر میں جامعہ قراقرم کو تعلیمی وتحقیقی حوالے سے تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔اس سے قبل افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاءاللہ شاہ نے کہاکہ قوموں کی ترقی کے لیے فرض شناسی ،لیڈرشپ اور قانون پر عملداری لازمی جز ہیں۔جن کے بغیر تعمیروترقی ممکن نہیں ہے ۔آج دنیا میں جن ممالک نے ترقی کی اس کی وجہ ان تینوں اصولوں پر عمل ہے ۔لہذا ہمیں بھی ان تینوں اصولوں پر عمل کرنے ہوگا ۔انہوںنے کہاکہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے تعلیمات میں بھی یہ تینوں اصول نمایاں نظر آتے ہیں۔وائس چانسلرنے نامور آرٹسٹ کی جانب سے نمائش کے لیے جامعہ قراقرم منتخب کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس نمائش کو قائد اعظم کے وژن سے روشناس کے لیے معاون قرار دیا۔وائس چانسلر نے فورس کمانڈر گلگت بلتستان کی جانب سے جامعہ میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے ہمیشہ کردار ادا کرنے کی تعریف کی اور امید ظاہر کیاکہ یہ تعاون آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔اس سے قبل دیگر مقررین جن میں آمنہ آئی پٹودی ،ڈاکٹر راحت نوید مسعود،نامور آرٹسٹ علی عظمت و یگر نے خطاب کرتے ہوئے ملکی تعمیروترقی کے لیے افکار قائد کو عام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ نمائش منعقدہ کرنے کا مقصد جہاں نوجوان نسل کو وژن اور مشن قائد اعظم محمد علی جناح سے روشناس کرنا ہے وہی پر نوجوان نسل میںبتدرئج ختم ہونے والے فنون کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور نئے آرٹسٹوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے ۔
