وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغانے چیئر مین فیڈرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن قیصر عالم سے ملاقات کی، اس موقع پر سیکریٹری سکول ایجوکیشن گلگت بلتستان ضمیر عباس بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے موقع پر گلگت بلتستان میں وفاقی ادارے کے زیراہتمام جاری تعلیمی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم گلگت بلتستان کی خصوصی سفارشات پر صوبے کے طلبا ء کے لئے سکالرشپس کی تعداد آٹھ سے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔گلگت بلتستان میں اساتذہ کرام کے استعداد کار میں اضافے کے لیئے پی ڈی سی این کے ساتھ اشتراک سے تربیتی ورکشاپس، کاونسلنگ سیشنز سمیت دیگر تربیتی مواقعوں کے انعقاد میں معاونت کا بھی وعدہ کیا گیا۔ گلگت بلتستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم جماعت پنجم اور آٹھویں جماعت کی طالبات کے پریکٹیکلز اور تعلیمی امور میں فیڈرل بورڈ کی جانب سے بھرپور معاونت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ جماعت نہم کے طلبا ئ کے لیئے پریکٹیل کلاسز کے انعقاد کے لئے فیڈرل بورڈ نے بھرپور تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ گلگت میں فیڈرل بورڈ کے مکمل طور پر فعال دفتر کے قیام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لئے بھی چئیر مین فیڈرل بورڈ نے آمادگی کا اظہار کیا۔ دفتر میں زمہ دار عملے کی تعیناتی عمل میں لا کر مکمل سیٹ اپ کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم گلگت بلتستان کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں فیڈرل بورڈ کے چئیر مین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا ادارہ گلگت بلتستان میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر کرنے کے لئے مستقبل میں بھی فنی و مالی معاونت جاری رکھے گا۔
