Skip to content
گلگت : وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی مخلوط حکومت کی پہلی ترجیح گلگت بلتستان کی متوازن، یکساں اور پائیدار ترقی کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا اور عوام کو ریلیف دینا ہے۔ عوام کے مسائل کا ادراک ہے جس کیلئے پوری کابینہ اپنی توانائیوں کا بھرپور مظاہرہ کرے گی۔ترقی برابری، یکساں حقوق اور متوازن کرنے کیلئے ضروری نشاندہی اور اس کیلئے بہتر حکمت عملی مرتب کرنی ہے جس میں تمام اضلاع اور ڈویژنز کو برابری کے سطح پر لایا جائے گا۔سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد اور گلگت بلتستان لیول کی سکیموں کے ازسر نو جائزہ لینے سمیت مختلف منصوبوں کی ایڈمن اپرول بروقت یقینی بنانے کے حوالے سے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جس میں تینوں ریجنز سے تین صوبائی وزراء شامل ہوں گے جو اپنی سفارشات تیار کرکے منظوری کیلئے پیش کریں گے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ گورننس کے نظام کو بہتربنانے اور عوام کے مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے تمام محکموں کے سیکریٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ وزراء کی مشاورت کو یقینی بناتے ہوئے اپنی سفارشات متعلقہ فورم میں بھیجیں جس پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ڈاکٹروں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65سال کرنے کے حوالے سے ینگ ڈاکٹرز کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس قانون پر عملدرآمد کو روکنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی مشاورت سے اس مسئلے کو قانونی طورپر مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جس کیلئے صوبائی کابینہ کی قانون ساز کمیٹی YDA کے نمائندوں سے رابطہ کرے گی۔ نگران وزیر اعظم پاکستان سے جلد ملاقات متوقع ہے جس میں گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل کے حل پر بات چیت کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے منتخب نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کے قیام کیلئے ہدایات دیں جو اپنے علاقوں میں بحالی کے کاموں کی نگرانی کریں گے اور شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزراء نے اس بات اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی قیادت میں تمام وزراء متحد و متفق ہیں اور علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح کیلئے مل کر کام کریں گے۔ عوام کو موجودہ حکومت کے عملی اقدامات کے مثبت ثمرات جلد نظر آئیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو تمام کابینہ اراکین نے اپنے محکموں اور اجتماعی ترجیحات کے حوالے سے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
اگر آپ کو کسی مخصوص خبر کی تلاش ہے تو یہاں نیچے دئے گئے باکس کی مدد سے تلاش کریں