نگران حکومت کے ساتھ ملکر چلیں گے،گورنر ،وزیراعلیٰ


گلگت:گلگت بلتستان کے گورنر مہدی شاہ اور وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کااظہار کیا ہے کہ نگران وزیراعظم گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے اور علاقے کی ترقی کے لئے اپنا کردار ا دا کریں گے،اپنے پیغام میں گورنرسید مہدی شاہ نے کہا کہ بلوچستان جیسے چھوٹے صوبے کو اہمیت دینا آصف علی زرداری ،شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کا بہترین فیصلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ نگران حکومت سے امید ہے کہ وہ گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی، گورنر نے مزید کہا کہ امید ہے نگران حکومت صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کےلئے موثر کردار ادا کریگی۔نگران حکومت سے بہتر تعلقات اور گلگت بلتستان کی تعمیر ترقی کےلئے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں،وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے نگران وزیراعظم کو مبارکبادیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ انوار الحق کاکڑ کا بطور نگران وزیراعظم انتخاب ملک اور قوم کے لئے انتہائی خوش آئند ثابت ہوگا۔ امید ہے کہ خصوصاً گلگت بلتستان کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے نگران وزیراعظم پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ حکومت گلگت بلتستان نگران وفاقی حکومت سے مکمل تعاون کی امید رکھتی ہے تاکہ بہتر تعلقات گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے معاون ثابت ہوں. وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کا تعلق ملک کے چھوٹے صوبے سے ہے اس لیے پاکستان کے دور دراز علاقوں کے مسائل اور اہمیت سے نگران وزیر اعظم بخوبی آگاہ ہیں۔