ترقیاتی بجٹ، پی ایس ڈی پی شیئرز میں اضافہ ہونا چاہیے، وزیراعلیٰ

گلگت ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا ایک روزہ دورہ گلگت بلتستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے مالیاتی سال 2023-24 کے خسارے کا بجٹ پیش کیا گیا ہے جس کی وجہ سے حکومت کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے اقدامات میں مشکلات درپیش ہوں گی۔ ترقیاتی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ اور پی ایس ڈی پی میں بھی گلگت بلتستان کے شیئر میں اضافے کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان کیلئے گندم سبسڈی میں اضافہ، خصوصی سرمایہ کونسل کے زریعے توانائی کے بڑے منصوبوں کی تعمیر اور بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے متبادل توانائی کے ذرائع متعارف کرانے اورمواصلات کے نظام کی بہتری خصوصاً سکردو ایئرپورٹ میں بین الاقوامی فضائی سروس کے آغازاور گلگت ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن وقت کی ضرورت ہے جس کی وزیر اعظم پاکستان سے گزارشات کی گئی ہیں۔ چند اہم منصوبوں اور گزرشات پر فوری عمل ہوگا اور چند گزارشات پر مستقبل میں عملدرآمد ہوگا جس سے گلگت بلتستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کی ترجیح عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے میں جدید میگاانفراسٹرکچر کی تعمیر ہے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔ روزگار کے مواقع میسر آئیں اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ وفاق اور صوبے میں اعتماد سازی کے فروغ اور بہترین ورکنگ ریلیشن شپ سے گلگت بلتستان کے مسائل کے بروقت حل اور سالانہ گرانٹ میں اضافے کی توقع ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہدایت کی وجہ سے فوری طورپر سفر سے اجتناب کررہا ہوں لیکن وزیر اعظم پاکستان کے دورہ گلگت بلتستان کے حوالے سے صوبائی کابینہ اور انتظامیہ کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وزیر اعظم پاکستان کا شایان شان طریقے سے استقبال کریں۔ وزیر اعظم پاکستان گلگت بلتستان میں میگا منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون کی درخواست کی گئی ہے تاکہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے دورہ گلگت بلتستان کے حوالے سے وزیر اعظم سیکریٹریٹ سے مکمل رابطے میں ہیں۔