دشمن کے عزائم ناکام بنانے کےلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا، گلبر خان

گلگت، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے یوم شہداءپولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پولیس فورس نے ہمیشہ صف اول میں قربانیا ں دی ہیں۔ پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کےخلاف دشمن عناصر کی ناپاک سازشیں ناکام بنائی ہیں۔ پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کو اپنی بہادر پولیس پر فخر ہے اور پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ہمیں آپس کے اختلافات کو ختم کرکے اور ہر قسم کی تعصبات سے بالاتر ہوکر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا جو آج کی ضرورت ہے۔ ہمارا دشمن مختلف سازشوں سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے جس کو ہم نے مل کر ناکام بنانا ہے۔ ہماری پولیس فورس ایک مثالی فورس ہے جس نے محدود وسائل کے باوجود عوام کی حفاظت اور دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا۔ پولیس فورس کے جوانوں اور اعلیٰ آفیسران نے ملک میں امن قائم کرنے کےلئے اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے جس پر ہم اپنی پولیس فورس کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہمارے شہداءہمارے اصلی ہیرو ہیں اور زندہ قومیں اپنے شہداءکی قربانیوں کبھی فراموش نہیںکرتیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ میں ان شہداءکے ان خاندانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کیا۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ شہداءکے بچوں اور خاندانوں کا خیال رکھیں۔ حکومت گلگت بلتستان آج کے دن اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ پولیس شہداءکے بچوں اور خاندانوں کا بھرپور خیال رکھے گی۔