گلگت ، ڈپٹی سپیکر سعدیہ دانش نے محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ وومن ڈیویلپمنٹ اور محکمہ قانون کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے. اس حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی سے منظور شدہ تمام قوانین پر مکمّل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اسمبلی سیکریٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ کام کی جگہ پر خواتین کی ہراسانی کے تدارک کیلئے منظور شدہ قانون پرعملدرآمد کیلئے تمام محکموں کو تحریری طور پر ہدایات جاری کرے. انہوں نے مزید کہا ہے بدقسمتی سے گلگت بلتستان کے اندر ذہنی صحت کو بری طرح نظر انداز کیا رہا ہے جسکی وجہ ذہنی صحت سے وابستہ مسائل میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے. ایک شخص کے بڑھتے ہوئے ذہنی صحت کے مسائل کو نظرانداز کرنے سے بعد میں پورا خاندان اور معاشرہ متاثر ہوتا ہے. انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ وومن ڈیویلپمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے عملی اقدامات کرے جسکے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا. اس پر محکمے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس حوالے سے عملی کام کیا جائیگا. اجلاس میں محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ وومن ڈیویلپمنٹ کے سیکرٹری فدا حسین نے اپنے ماتحت آفیسران کے ہمراہ خواتین کو درپیش مسائل اور محکمے کی کارکردگی اور انھیں درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی. اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نے محکمے کو یقین دہانی کرائی ہے کہ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے انکے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گااور حکومتی لیول پر حل طلب شدہ مسائل کے حل کیلئے سفارش کرینگے. اجلاس میں محکمہ قانون کے نمائندے نے قانونی معاونت فراہم کی۔
