وزیراعظم سے قراقرم یونیورسٹی کےلئے خصوصی گرانٹ کی درخواست کروں گا، حفیظ الرحمن

 گلگت،سابق وزیر اعلیٰ و صدر مسلم لیگ ن گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے قراقرم انٹرنیشنل ےونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاءاللہ شاہ نے ملاقات کی ۔ڈائریکٹرریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق ملاقات میں وائس چانسلر کے ہمراہ رجسٹرار قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر عبدالحمیدلون بھی موجود تھے ۔ملاقات میں وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و صدر مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کو یونیورسٹی کو درپیش مالی چیلنجز کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کے اخراجات جن میں طلبہ وطالبات کو تعلیمی وتحقیقی سہولیات کی فراہمی ، اسٹاف کی تنخواہوں سمیت دیگر اخراجات شامل ہیں ۔جوکہ گزشتہ پانچ سالوں میں ایک ارب تیس کروڑ تک پہنچ چکے ہیں ۔ہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ پانچ سالوں میں یونیورسٹی کے بجٹ میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیاہے ۔اس کے علاوہ تین سب کیمپسز کا بھی قیام عمل میں لایا گیاہے ۔ان کیمپسز کو بھی کسی قسم کا خصوصی بجٹ مختص نہیں کیاگیاہے ۔جس کی بدولت سب کیمپسز کا بجٹ کا بڑا حصہ مین کیمپس کو ادا کرنا پڑارہاہے ۔جس سے سخت مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔یونیورسٹی اس وقت اپنے اخراجات میں سے ہائیرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے تیس فیصد ملتاہے جبکہ ستر فیصد یونیورسٹی اپنے وسائل سے پوری کرتی ہے ۔جن میں ایک بڑا حصہ طلبہ وطالبات کی فیسیں ہیں۔وائس چانسلر نے کہاکہ قراقرم بورڑ سے گلگت بلتستان کی سکولوں اور کالجوں کو فیڈرل بورڑ منتقل کرنے کی وجہ سے بھی قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو کم وبیش بارہ کروڑ روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ان تمام وجوہات کے باعث قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو ملازمین کی تنخواہیں سمیت دیگر روزمرہ کے اخراجات پوری کرنے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔اگر وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے خصوصی گرانٹ فراہم کی جائے تو یونیورسٹی کو بہتر انداز میں آگے لے جایاجاسکتاہے ۔اس ضمن میں سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و صدر مسلم لیگ ن گلگت بلتستان نے اپنی طرف سے ہرممکن تعاون فراہم کرنے سمیت وزیر اعظم پاکستان کے دورے کے موقع پر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے لیے خصوصی گرانٹ مہیا کرنے کے حوالے سے درخواست کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔انہوںنے صوبائی حکومت کی جانب سے بھی جامعہ قراقرم کو ریگولر سالانہ گرانٹ مختص کرنے کے بارے میں بھی بات کرنے کا کہا اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو خود کفالت کی طرف جانے کے لیے کمرشلائزیشن کی جانب جانے کی تلقین بھی کی ۔وائس چانسلر نے کہاکہ یونیورسٹی کمرشلائزیشن کی طرف کام کررہی ہے ۔اس حوالے سے قراقرم سپرنگ واٹرکا آغاز ، ہنزہ کیمپس کے زیر اہتمام ہوٹل کے قیام سمیت دیگر منصوبوں پر کام کیاجارہاہے ۔تاکہ جامعہ کو بہت جلد خود کفیل بنایا جاسکے ۔ملاقات میں سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و صدر مسلم لیگ ن گلگت بلتستان نے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی جانب سے مشکلات کے باوجود بہترین انداز میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے مواقع کی بہترین فراہمی پر تعریف بھی کی ۔