اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کےلئے خصوصی مہم چلائیں گے، آئی جی

 گلگت ، عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ فرائض میں غفلت ناقابل برداشت ہوگی۔ مظلوم کی فوری داد رسی کی جائے اور ظالم قانون کے شکنجے سے بچنے نہ پائے۔ ان خیالات کا اظہار نئے انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے پولیس ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر پبلک سروس، جرائم کی روک تھام اور مجرموں کے کھوج پر اپنی توجہ مرکوز رکھی جائے۔ انوسٹی گیشن کی مزید بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ افضل محمود بٹ نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے گی اس سلسلے میں تمام رینجز کے ڈی آئی جیز ایک مشترکہ پلان ترتیب دیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان نے کہا کہ فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کے حوالے سے ٹریننگ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ گلگت بلتستان پولیس کی استعداد کار میں بہتری اور اضافہ کے لئے ٹریننگ پر بھرپور توجہ دی جائے گی اور ملکی سطح کے اداروں میں ٹریننگ کے مواقع avail کئے جائینگے۔ پولیس فورس کی فلاح و بہبود میری ترجیحات میں شامل ہے۔ فورس کے شہدائ اور غازی ہمارے سر کا تاج ہیں جنہوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کی بازی لگا دی۔ شہداءکے بال بچوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ افضل محمود بٹ نے مذید کہا کہ پولیس فورس کی ہیلتھ سکریننگ کرائی جائے گی تاکہ بروقت ویکسینیشن اور علاج و معالجہ پر توجہ دی جا سکے۔ پولیس تحفظ مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ پولیس پبلک سروس اور امانت App متعارف کرائی جائے گی اس سلسلے میں PITB سے مدد لی جائے گی۔ فارنرز سکیورٹی کے لئے جامع پلان ترتیب دیا جائے۔ سیاحت کا سیزن ہے ٹوریسٹ پولیس جی بی بھر میں active کی جائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے گلگت بلتستان پولیس ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے آفیسران سے کہا کہ آپ سب اس ٹیم کا حصہ ہیں اور ہم ٹیم ورک کے زریعے کام کرینگے۔ انہوں آخر میں کہا کہ کار سرکار کی انجام دہی کے لئے دیگر اداروں کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی نوید احمد نثار خواجہ، ڈی آئی جی فرمان علی، ڈی آئی جی حنیف اللہ خان، ڈی آئی جی سلطان فیصل، اے آئی جی شہباز الٰہی، اے آئی جی محمد جمیل، اے آئی جی محمد عبداللّٰہ، ایس پی آفتاب عالم اور دیگر آفیسران شامل تھے۔قبل ازیں افضل محمود بٹ نے بحیثیت انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس سے پہلے وہ کمانڈنٹ پولیس آف انٹیلیجنس لاہور کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ جب سنٹرل پولیس آفس پہنچے تو ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نوید احمد نثار خواجہ نے دیگر آفیسران کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے نئے انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان کو سلامی دی۔ سلامی کے بعد انہوں نے یادگار شہدائ پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ آخر میں پولیس آفیسران کے ساتھ تعارفی سیشن ہوا۔