گوگل اپنے کیلینڈر میں شیئر کا بٹن شامل کرنے جارہا ہے

گوگل کی کیلینڈر ایپلی کیشن اینڈرائیڈ صارفین کے لیے انتہائی کارآمد ایپ ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس ایپ میں کمپنی کی جانب سے انتہائی اہم فیچر شامل کیا جا رہا ہے۔

گوگل کیلینڈر ایونٹس میں شیئر کا بٹن کا شامل کرنے جارہا ہے، جس کا مطلب ہے ایونٹ کے منتظمین بڑی تعداد میں لوگوں کو انفرادی طور ای میل کیے بغیر ہی مدعو کرسکیں گیں۔

کیلینڈر ایپ پر صارفین جب بھی کوئی ایونٹ سیٹ کریں گے، وہاں ایونٹ کے نام اور تاریخ کے نیچے ایک شیئر بٹن دِکھائی دے گا۔ اس بٹن کو دبانے کے بعد صارف اس ایونٹ کو ٹیلی گرام، واٹس ایپ یا ڈِس کارڈ جیسی متعدد ایپ میں شیئر کر سکتے ہیں۔ جن افراد کو دعوت نامے موصول ہوئے ہوں گے وہ لنک پر ہاں، ناں یا شاید کا انتخاب کرتے ہوئے اپنی دستیابی کے متعلق بتا سکیں گے۔

یہ فیچر رواں سال مارچ کے مہینے میں نامکمل شکل میں متعارف کرایا گیا تھا۔ لیکن ٹوئٹر صارف کی جانب سے شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں اس کو مکمل شکل میں دیکھا جا سکتا ہے۔

تاہم، کمپنی کی جانب سے اس فیچر کی ریلیز کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔