زمینی اوسط درجہ حرارت کے تحت گرم ترین دن ریکارڈ

کرہ ارض نے ماہ جولائی کا اوسط گرم ترین دن نوٹ کیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ کسی ایک جگہ کو ریکارڈ نہیں بلکہ سیارہ زمین کا اوسط درجہ حرارت ہے جو تین جون بروز پیرکو ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس روز عالمی اوسط درجہ حرارت سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے لیکن 4 جولائی بروز منگل کو اس میں مزید اضافہ دیکھا گیا جو 17.18 درجے سینٹی گریڈ تھا اور یہ سلسلہ بدھ تک برقرار رہا۔ اس طرح لگاتار تین روز ہم نے دنیا کے درجہ حرارت میں سب سے زیادہ اضافہ نوٹ کیا ہے

اس سے قبل اگست 2016 میں درجہ حرارت 16.92 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جو سب سے زائد تھا لیکن اب لگاتار تین روز تک اس سے بھی زیادہ درجہ حرارت ایک انتہائی تشویشناک خبر ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین کی مشہور کوپرنیکس کلائمٹ چینج سروس نے بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 1940 کے بعد سے اب تک کا ڈیٹا بتارہا ہے کہ ارضی اوسط درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

لیکن دوسری جانب ماہرین نے خدشہ ظاہرکیا ہے ابھی نصف سال باقی ہے اور مزید ریکارڈ قائم ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے قدرتی مظہرایل نینو کو اس کا ذمے دار ٹھہرایا ہے جو اگلے چھ ہفتوں میں مزید گرم دن ظاہر کرے گا جو ریکارڈ بن سکتے ہیں۔

اس سال جون کے آخر میں امریکہ، ٹیکساس، اور دیگر جنوبی علاقوں میں گرمی کی ہولناک لہر دیکھی گئیں اور مارچ سے اب تک میکسیکو میں 112 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ پھر بھارتی ریاست بہار میں گرمی کی شدت سے 44 افراد موت کے منہ میں گئے ہیں۔ دوسری جانب اس شدت بھری گرمی سے چین بھی جھلس رہا ہے۔ سب سے بڑھ کر برطانیہ میں 1884 سے اب تک سب سے گرم ماہِ جون دیکھا گیا ہے۔