سپریم اپیلٹ کورٹ، سیشن جج استور کو حکم عدولی پر اظہار وجوہ کا نوٹس

 گلگت ،سیشن جج استور کو سپریم ایپلیٹ کورٹ کی جانب سے اظہار وجوکا نوٹس جاری۔ تحریری جواب طلب کرلیاگیا۔چیف جج گلگت بلتستان جسٹس سردار محمد شمیم خان نے شبیر الدین وغیرہ بنام سرکار کیس کی سماعت کی۔ اس کیس میں 15.06.2023 کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج استور کو شبیر الدین کے ورثا کا بیان قلم بند کرنے اور صلح کا حقیقی، رضا کارانہ اور بغیر کسی جبر کے ہونے کی بابت تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج استور نے 16.06.2023 کو بذریعہ (وٹس ایپ ) رجسٹرار سپریم اپیلیٹ کورٹ سے درخواسات کی کہ گلگت سے کسی اور سیشن جج کے ذریعے مذکورہ حکم کی تعمیل کرائی جائے۔ اس درخواست پر چیف جج نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ جج کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن حج استور بمہ ریکارڈ عدالت میں پیش ہوئے اور مذکورہ درخواست کی وجوہات کو بیان کیا جنہیں چیف جج نے انتہائی غیر اطمینان بخش قرار دیا اور سیشن جج کو معزز عدالت کی حکم عدولی پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔ علاوہ ازیں اس کیس میں سیشن جج استور نے صلح میں شامل ورثاءمیں سے دو ورثاءکا مشترکہ بیان ریکارڈ کیا جو کہ قانون کے منافی ہے عدالت نے اس پر بھی سیشن جج استور کو تحریری جواب جمع کروانے اور اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔