جولائی سے آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی،سیکرٹری خوراک

 گلگت(پ ر)عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے مرکزی چئیرمین فداحسین اور مرکزی ترجمان ظہیر قاسمی نے گلگت بلتستان میں گندم بحران کے حوالے سے سیکرٹری خوراک مومن جان سے ملاقات کی اورسیکرٹری خوراک نے صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔اس موقع پرسیکرٹری خوراک نے کہا کہ جون کے مہینے کا کوٹہ نہ ملنے کی وجہ سے آٹے کی قلت کا سامنا کرنا پڑا لیکن محکمہ خوراک نے ریزرو سٹاک سے عوام کی ضرورت پوری کرنے کی پوری کوشش کی لیکن جولائی کے مہینے سے عوام کو بلاتعطل آٹا فراہم کیا جائیگا چئیرمین عوامی ایکشن کمیٹی فداحسین نے سیکرٹری فوڈ کو عوام کی مشکلات سے آگاہ کیا اور واضح کیا عوامی ایکشن کمیٹی گندم بحران پر خاموش نہیں رہیگی گندم کے شدید بحران کی وجہ سے ہماری مائیں بہنیں بھی سڑکوں پر آنے پہ مجبور ہوچکی ہیں حکومت فوری طور پر اس بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھائے عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی تحریک جاری ہے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھینگے جب تک عوام کو بلاتعطل معیاری آٹا دستیاب نہیں ہوتا۔آٹے کی چوری کو روکنے کیلئے بائیو میٹرک کے زریعے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سیکیورٹی اداروں اور دیگر سرکاری اداروں کو دئے جانیوالا کوٹہ فوری ختم کیا جائے سبسڈی عوام کیلئے ہے سرکاری اداروں کیلئے نہیں۔عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک کی بدولت سبسڈی 8ارب سے بڑھ کر ساڑھے دس ارب ہوچکی ہے تاہم یہ بھی ناکافی ہے سیکرٹری فوڈ مومن جان نے یقین دہانی کروائی کہ جولائی کے مہینے سے آٹے کی قلت ختم ہوجائیگی اور آٹے کی چوری کو روکنے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم بھی جلد لے آئینگے محکمہ خوراک اور گلگت بلتستان حکومت عوام کی مشکلات کو ختم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیگی۔