قراقرم یونیورسٹی کیلئے بجٹ میں خصوصی گرانٹ مختص کرنیکی یقین دہانی

 گلگت(پ ر)سپیکرگلگت بلتستان اسمبلی ایڈووکیٹ نذیر احمد سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میرتعظیم اختر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ڈائریکٹر ریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق وفد نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو درپیش شدید مالی بحران سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔جس پر سپیکرگلگت بلتستان اسمبلی نے یونیورسٹی کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے بجٹ2023-24میں خصوصی گرانٹ مختص کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ہماری ہے اور یہاں پڑھنے والے طلباءاور پڑھانے والے اساتذہ بھی ہمارے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو درپیش مالی مشکلا ت کے حوالے سے احساس ہے اور افسوس ہے کہ ان مالی مشکلات کی وجہ ہمارے اساتذہ اور طلبا اس تپتی دھوپ میں احتجاج کررہے ہیں۔انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو فوری طور پرقراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے بجٹ کو بڑھانے سے متعلق ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہائیرایجوکیشن آف پاکستان ڈاکٹر شائستہ سہیل سے بات کی اوروزیر خزانہ اورچیف سیکریٹری کوجلد قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مالی حالات کو بہتر بنانے کے لئے ہائیر ایجوکیشن آف پاکستان سے رابطہ کرنے اور مسئلہ کو حل کرنے کی ہدایت کی۔ یونیورسٹی کو درپیش مالی بحران کی اصل وجہ یونیورسٹی کے ضروریات کے مطابق بجٹ میں اضافہ نہ کرناہے۔ترجمان قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو درپیش مالی مشکلات کا واحد حل صوبائی حکومت کی جانب سے مستقل طور پر بجٹ میں خصوصی گرانٹ مختص کرنے اورہائیرایجوکیشن کمیش کی جانب سے یونیورسٹی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہے۔