ہمارا اصل مقصد لوگوں کی خدمت ،جسٹس سردار شمیم خان

گلگت (پ ر) رجسٹرار سپریم ایپلیٹ کورٹ ، نیاز محمد خان ، مدت ملازمت ختم ہونے پر اپنے عہدہ سے سبکدوش ہو گئے۔ چیف جج گلگت بلتستان، جسٹس سردار محمد شمیم خان نے ان کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جج گلگت بلتستان جسٹس سردار محمد شمیم خان نے نیاز محمد خان کی خدمات کو سراہا اور انہیں ایک ایماندار ،محنتی اور قابل افسر گردانا اورانکی بہترین کاوشوں پر انکا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیف جج نے یہ بھی واضح کیا کہ دنیاوی عہدے سب عارضی ہیں اور سب نے ایک دن جانا ہے تاہم ہمارا اصل مقصد لوگوں کی خدمت کرنا ہے جس کی بابت کل قیامت کے دن اللہ ہم سے بازپرس کرے گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار نیاز محمد خان نے چیف جج کا شکریہ ادا کیا اور تمام افسران و ملازمین کے بھرپور تعاون پر انکے کردار کو سراہا۔