گلگت : سیکریٹری محکمہ داخلہ رانا محمد سلیم افضل کی زیر صدارت گلگت
بلتستان میں سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے پیدا ہونے والے سماجی مسائل اور
امن و عامہ کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں
ایف آئی اے گلگت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر یاسر عرفات نے سوشل میڈ یا پر ہونے
والے جرائم خصوصاریاست مخالف عناصر کی بیخ کنی کے لئے کئے جانے والے
اقدامات، اب تکدرج کی گئی شکایات اور ان کے تدارک کے لئے کئے جانے والے
اقدامات کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک
مختلف اضلاع سے چالیس سے زائد شکایات ایف آئی اے کو موصول ہوچکی ہے۔ ان
شکایات پر Prevention of Electronic Crimes Actاور پاکستان پینل کوڈ کے تحت
ایکشن لیا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے حکام نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے
والے جرائم کی بنائ پر حال ہی میں چار گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی
ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس خصوصافیس بک اور
انسٹاگرام پر ممنوعہ،غیر اخلاقی مواد کی روک تھام کے لئے باقاعدہ میکنیزم
ترتیب دیا گیا ہے۔سوشل میڈیا سائٹس سے غیر اخلاقی مواد ہٹانے کے لئے میٹا
حکام اور PTA سے مدد لی جارہی ہے۔اس موقع پر سیکریٹری داخلہ نے قانون نافذ
کرنے والے اداروں کے زمہ داران اور خصوصا ایف آئی اے کے حکام پر زور دیا کہ
وہ سوشل میڈیا خصوصا فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے منفی استعمال پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر
کی بر وقت نشاندہی کریں جو کہ امن عامہ کی صورتحال کو بگاڑنے کا سبب بنتے
ہیں،۔سیکریٹری داخلہ نے محکمہ اطلاعات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ
سوشل میڈیا کے مناسب استعمال کے لئے شعور اجاگر کرنے کے لئے مقامی زرائع
ابلاغ خصوصااخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے آ گاہی پیدا کرنے کی فوری
ضرورت ہے،سیکریٹری داخلہ نے مزید کہا کہ حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ
تمام اضلاع میں ایسے عناصر پر نگاہ رکھی جائے اور ان عناصر کو قانون کے
کٹہرے میں لایا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان امن کا
گہوارہ ہے اور دنیا بھر میں اپنی منفرد قدرتی خوبصورتی کے باعث پاکستان کا
مثبت چہرہ پیش کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے
اداروں کے علاوہ دیگر عوام پر بھی لازم ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے تعمیری
استعمال کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی ساتھ عوام ایسے عناصر پر بھی نظر رکھیں
جو کہ نقص امن کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے کہا معاشرے میں امن کو یقینی
بنانا سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام سٹیک ہولڈرز کی بھی زمہ داری
ہے۔سیکریٹری داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے زمہ داران پر زور دیا
کہ آئندہ ماہ محرم الحرام کے مناسبت سے امن و عامہ کو برقرار رکھنے کے لئے
بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ڈی آئی جی سپیشل برانچ حنیف اللہ خان،
کمشنر گلگت ڈویڑن نجیب عالم،، ڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن (ریٹائرڈ)اسامہ مجید
چیمہ، ڈپٹی سیکریٹری محکمہ داخلہ ڈاکٹر عائشہ خان ، ایس پی گِلگت احمد شاہ ،
ایف آئی اے گلگت کے ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر عرفات،انسپکٹر عرفان اور انفارمیشن
ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلیم خان سمیت دیگر ذمہ
دار سرکاری حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں کمشنر بلتستان ، دیامر استور ڈویزن
اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شِرکت کی۔