Skip to content
گلگت : وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے شتونگ نالے کی ڈائیورجن، سکردو میں پانی اور بجلی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکردو کے عوام کو درپیش پینے کے صاف پانی، بجلی اور آبپاشی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کےلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے پروجیکٹ ڈائریکٹر واپڈا اور کنسلٹنٹ کو ہدایت کی کہ شتونگ نالے کے ڈائیورجن کے حوالے سے کنسلٹنسی رپورٹ کو دسمبر2023تک حتمی شکل دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ واپڈا جیسے بڑے ادارے کو عوام کو درپیش مسئلے کو حل کرنے کےلئے شتونگ نالے کی ڈائیورجن کو بہت پہلے کرنا چاہئے تھا۔ اس موقع پر واپڈا کے آفیسران اور کنسلٹنٹ کو ہدایت کی کہ فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری میں تمام ضروری پہلوﺅں کو مدنظر رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر واٹر رائٹس کا مسئلہ حل کرنے کےلئے سکردو کے منتخب نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو سکردو کے عوام کی مشاورت سے واٹر رائٹس کا مسئلہ حل کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے واپڈا کے آفیسران کو ہدایت کی کہ لیفٹ کنال اور رائیٹ کنال کی مرمت درکار ہے جس کو شتونگ نالے کے ڈائیورجن کے منصوبے میں شامل کیا جائے تاکہ آبپاشی کے حوالے سے درپیش مسائل کو بھی بغیر تاخیر کے بہتر انداز میں حل کیاجاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ برقیات کو ہدایت کی کہ سکردو حرگسہ نالہ میں چیک ڈیمز کی تعمیر اور شتونگ نالہ کے ٹاپ سے ڈیم تک پاور ہاﺅسز کی تعمیر کے حوالے سے بھی کنسلٹنسی کرانے کےلئے سفارشات کابینہ اجلاس میں پیش کریں۔ سکردو شہر میں پانی، بجلی اور آبپاشی کا مسئلہ حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کےلئے متبادل ذرائع بھی زیر غور ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ان مسائل کے حل کےلئے شارٹ ٹرم حل کےلئے بھی متعلقہ محکمہ اپنی سفارشات تیار کرے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی سیکریٹری تعمیرات کو سکردو میں بورنگ کے ذریعے پانی کی فراہمی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال سکردو کے سیوریج او رواٹر سپلائی کی فوری ایڈمن اپروول جاری کرنے کے بھی احکامات دیئے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ہرپو پاور پروجیکٹ کےلئے زمین کے حصول کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری واٹر اینڈ پاور کو ہدایت کی کہ سکردو شہر کے گھروں کو سولر انرجی کے ذریعے بجلی کی فراہمی کےلئے بھی فزیبلٹی تیار کریں۔
اگر آپ کو کسی مخصوص خبر کی تلاش ہے تو یہاں نیچے دئے گئے باکس کی مدد سے تلاش کریں