اماراتی خلا باز نے خلا سے ’بپر جوائے‘ کی ویڈیو جاری کر دی

متحدہ عرب امارات کے خلا باز سلطان النیادی نے خلا سے سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ کی ویڈیو جاری کر دی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بحیرہ عرب کے اوپر بادل سمندری طوفان کی شکل اختیار کر رہے ہیں۔عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے خلاباز اس وقت بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں ناسا کے 6 ماہ کے طویل مشن پر موجود ہیں۔نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بِپر جوائے اب شمال مشرق میں بھارت اور پاکستان کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔اسی دوران خلاباز سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے سمندری طوفان بپر جوائے کی ویڈیو شیئر کر دی۔ ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ انہوں نے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا ہے۔فوٹیج میں متحدہ عرب امارات کے اوپر صاف آسمان اور عمان پر بکھرے بادلوں کو دکھایا گیا ہے جس کے بعد بحیرہ عرب پر گہرے بادلوں کو دیکھا گیا تو طوفان کی شکل اختیار کر رہے ہیں۔