بجٹ میں اضافے کےلئے وفاق سے رابطہ، مطالبات منظور نہ ہوئے تو احتجاج کریں گے، وزیراعلیٰ


 گلگت:وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا تینتیسواں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، وزیر اعلیٰ کے مشیر،چیف سیکریٹری ، انسپکٹر جنرل سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سیکریٹریز نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر مزمل حسین ایڈوکیٹ اور انکے والدین کی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مزمل ایڈوکیٹ کی ناگہانی وفات سے گلگت بلتستان ایک باصلاحیت نوجوان رہنما سے محروم ہوگیاہے اور تحریک انصاف کیلئے مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وفاقی بجٹ میں گلگت بلتستان کیلئے گرانٹ میں اضافہ نہ کرنے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو معاشی طور پر مفلوج کرنے کی روش کسی طور پر قابل قبول نہیں اور گلگت بلتستان کیلئے مختص بجٹ سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور نظام حکومت چلانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ میں پچھلے سال کی نسبت پانچ سو ارب اضافہ کیا گیا ہے جبکہ گلگت بلتستان کیلئے ریگولر بجٹ 47ارب سے 51ارب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورمحض چار ارب کے اضافے سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد نظام حکومت چلانے کیلئے صرف دو ارب روپے میسر ہونگے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کیلئے ریگولر اور ڈویلپمنٹ بجٹ میں معقول اضافہ کیلئے وفاق سے رابطہ کرلیاگیاہے اور اس سلسلے میں مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد سمیت شدید احتجاج کا راستہ اپنایا جائیگا اور سپریم کورٹ سے گلگت بلتستان کیلئے مالیاتی فارمولہ وضع کرنے کیلئے بھی رجوع کیا جائیگا۔ صوبائی کابینہ نے محکمہ سیاحت کی سفارشات کی روشنی میں گلگت بلتستان ہوٹلز، موٹلز، کیمپنگ سائیٹس، گیسٹ ہاوسز، ہٹس اینڈ ریسٹورینٹس رولز 2022، گلگت بلتستان ٹوریسٹ گائیڈ رولز 2022، گلگت بلتستان ٹور آپریٹرز اینڈ ٹریول ایجنٹ رولز 2022 اور ڈپارٹمنٹ آف ٹوریسٹ سروسز (DTS)رولز کی بھی منظوری دیدی۔کابینہ اجلاس میں ضلع شگر میں تسرباشہ کے نام سے الگ تحصیل کے قیام کی منظوری بھی دیدی گئی۔کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کیلئے کلاو ¿ڈ آرکیٹیکچر، گیم ڈویلپمنٹ، موبائل ایپ ڈویلپمنٹ اینڈ مرن اسٹیک ڈویلپمنٹ پروگرامز شروع کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکردو میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے اشتراک سے آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے مفاہمتی یاداشت تیارکرکے کابینہ کی قانون سازی کی کمیٹی میں پیش کی جائے۔کابینہ اجلاس میں رولزآف بزنس2009میں ترمیم کرکے گلگت بلتستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کو خودمختار حیثیت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے گلگت ڈویڑن کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کے قیام کی بھی منظوری دیدی۔کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان پولیس میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے نام سے الگ ونگ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کو30کروڑ کی گرانٹ اور ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کیلئے بھی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دیدی گئی، علاوہ ازیں اٹارنی جنرل اور پراسکیوٹر جنرل کے عہدوں کو الگ الگ کرنے کیلئے سیکریٹری قانون کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے مطالبے پر گندم کی قیمتیں معقول سطح پر لانے کیلئے محکمہ خوارک کی تیارکردہ تجاویز گلگت بلتستان اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے سامنے پیش کی جائینگی اور حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پر مشتمل کمیٹی کی توثیق کے بعد کابینہ اگلے سالوں کیلئے گندم کی قیمتوں کو معقول سطح پر لانے کیلئے اصولی منطوری دیگی۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور معدنی وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانے کیلئے معدنیات کی لیز پر پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی کابینہ نے کیڈٹ کالج چلاس کیلئے گرانٹ ان ایڈ کی رقم میں اضافہ کی بھی منظوری دی گئی