گلگت (پ ر) گلگت بلتستان چیف کورٹ نے وزیراعلیٰ خالد خورشید کے خلاف الیکشن
کمیشن میں جاری مبینہ جعلی ڈگری کیس کی کارروائی کو کالعدم قرار دے دیا،
چیف کورٹ کے لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی، بنچ میں جسٹس ملک عنایت
الرحمان، جسٹس جوہر علی خان اور جسٹس مشتاق محمد شامل تھے، سابق وزیر
بلدیات فرمان علی اور سابق ممبر اسمبلی عبدالحمید نے الیکشن کمیشن میں ایک
درخواست دائر کی تھی جس میں الزام لگایا تھا کہ وزیراعلیٰ خالد خورشید کی
ایل ایل بی کی ڈگری جعلی ہے، اس لئے اسمبلی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے،
جس پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعلیٰ خالد خورشید خان کو ڈگری سمیت پیش
ہونے کےلئے نوٹس جاری کیا تھا، اس پر وزیراعلیٰ نے چیف کورٹ سے رجوع کیا
اور موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کو کیس کی سماعت کا اختیار نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ کی درخواست پر چیف کورٹ کے 3رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کی
کارروائی کو کالعدم قرار دے دیا۔ اس حوالے سے رکن اسمبلی شہزاد آغا نے بھی
ایک متفرق درخواست دائر کی تھی جسے چیف کورٹ نے منظور کیا اور حکم دیا تھا
کہ کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرتے ہوئے 14 روز کے اندر نمٹایا جائے۔