گلگت، سڑک کی غیر معیاری تعمیر، ٹھیکیدار کو اپنی جیب سے مرمت کرانے کا حکم


 گلگت (پ ر) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے آر سی سی پل، سلطان آباد کے داخلی اور خارجی پوائنٹس پر سڑک کی خرابی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ متعلقہ ٹھیکیدار سے سڑک کی مرمت کا کام جلد مکمل کرایا جائے۔ چیف سیکرٹری محی الدین احمد وانی نے حکم دیا ہے کہ ٹھیکدار کو پابند کیا جائے کہ وہ مرمت کا کام پیور مشین کی مدد سے جلد مکمل کرکے اس کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کرے۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پل کے ایگزٹ پوائنٹس پر حال ہی میں تعمیر کیے گئے سڑک کے حصے اور نومل روڈ کے جنکشن پوائنٹ مکمل ہونے کے چند ہفتوں میں ہی خراب ہو گئے تھے جس سے عوام الناس کو سفر میں دشواری کا سامنا تھا ، اس صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت دے دی گئی ہے کہ ناقص کام پر متعلقہ ٹھیکیدار کو نوٹس جاری کرکے ایک ہفتے میں انکوائری کرکے رپورٹ بھی پیش کی جائے۔